تجارتی مراکز اور نجی تقاریب میں حد سے زیادہ اجتماع پر جرمانہ
تجارتی مراکز اور نجی تقاریب میں حد سے زیادہ اجتماع پر جرمانہ
اتوار 7 جون 2020 19:36
تیسری بار خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کی جائے گی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے تجارتی مراکز کے اندر یا باہر ملازمین اور گاہکوں کی تعداد حد سے زیادہ بڑھ جانے پر جرمانے کی سزا مقرر کردی ہے۔
اخبار 24 نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ کسی بھی تجارتی مرکز یا دکان کے باہر مقررہ تعداد سے زیادہ گاہکوں کی بھیڑ یا ملازمین کے اجتماع پر فی کس 5 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
یہ جرمانہ تجارتی مرکز کے مالک یا ذمہ دار سے لیا جائے گا اور اس کی انتہائی حد ایک لاکھ ریال تک ہوگی۔
وزارت داخلہ کے مطابق اگر کسی کے یہاں تقریب میں مقررہ حد سے زیادہ لوگ شریک ہوں گے تو بھی میزبان سے ہر ایک مہمان پر 5 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
اگر خلاف ورزی دوسری بار ہوئی تو پھر فی کس جرمانہ دس ہزار ریال ہوگا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تیسری بار خلاف ورزی پر جرمانہ بڑھا دیا جائے گا اور تجارتی مرکز کے ذمہ دار پر فرد جرم عائد کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائےگا۔
تقریب میں حد سے زیادہ شرکت کرنے والوں اور میزبان پر بھی تیسری بار خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کی جائے گی اورپبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیاجائے گا۔
وزارت داخلہ نے تنبیہ کی ہے کہ نجی ادارے کو پہلی خلاف ورزی دہرانے پر تین ماہ کے لیے بند کیا جائے گا اور تیسری بار خلاف ورزی پر چھ ماہ کے لیے ادارہ بند ہوجائے گا۔
اگر خلاف ورزی کرنے والا غیرملکی ہوگا تو اسے سعودی عرب سے بے دخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ بے دخلی سزا پر عمل درآمد کے بعد ہوگی۔
وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ نجی اداروں یا تقریبات میں مذکورہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کریں تو ٹول فری 999 پر رابطہ کرکے اس کی اطلاع دیں۔
یہ نمبر تمام علاقوں کے لیے موثر ہے تاہم مکہ ریجن کے لیے 911 نمبر خاص ہے۔