لوگوں نے وبا کی وجہ سے ویکسین سینٹرز آنا بند کر دیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت اور سلطان بن عبدالعزیز انسانی خدمات مرکز مشترکہ پروگرام کے تحت بچوں کو ان کے گھروں پر ویکسین کی سہولت فراہم کریں گے- فریقین نے اتوار کو معاہدے پر دستخط کردیے-
طبی عملہ بچوں کو ان کے گھروں پر جا کر ویکسین دے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
اخبار 24 کے مطابق معاہدے کے تحت وزارت صحت ویکسین مہیا کرے گی جبکہ سلطان بن عبدالعزیز انسانی خدمات سینٹر کا طبی عملہ بچوں کو ان کے گھروں پر جا کر ویکسین دے گا۔
بچوں کو گھروں پر ویکسین سہولت مہیا کرنے کا فیصلہ دو وجوہات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
کورونا وبا کے زمانے میں یہ بات ریکارڈ کی گئی ہے کہ والدین نے بچوں کو ویکسین دلانے کے لیے ہیلتھ سینٹرز آنا بند کر دیا ہے۔
بچوں کو، کووڈ 19 نئے کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتال جانے کے بجائے ویکسین کی گھروں پر ہی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔
امیر سلطان بن عبدالعزیز انسانی خدمات مرکز کے سیکرٹری جنرل شہزادہ فیصل بن سلطان نے بتایا کہ سعودی شہریوں نے کووڈ 19 کی وبا اور حفاظتی اقدامات کے ماحول میں ویکسین سینٹرز آنا بند کر رکھا ہے۔ اسی صورت حال کے پیش نظر وزارت صحت اور ہمارے سینٹر نے ویکسین کا مشترکہ پروگرام تیار کیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن سلطان نے بتایا کہ سینٹر میں انتہائی نگہداشت کے 18 اور کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے 10 کمرے الگ کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کوآپریٹیو ہیلتھ انشورنس کونسل نے کہا تھا کہ بچوں کو گھروں پر 90 دن تک ویکسین فراہم کرنا انشورنس میں شامل ہے۔