Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدد پیشوں میں غیر ملکیوں کی موجودگی پر جواب طلب

سعودی مجلس شوریٰ کا ویڈیو اجلاس پیر کو منعقد ہوا ہے-(فوٹو سبق)
سعودی مجلس شوری کے ارکان نے اجلاس کے دوران وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود سے دکانوں اور متعدد پیشوں میں غیرملکیوں کی مسلسل موجودگی پر جواب طلب کرلیا۔
شوریٰ کا ویڈیو اجلاس پیر کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ کی صدارت میں منعقد ہوا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق ارکان شوریٰ نے گذشتہ مالی سال سے متعلق  وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی رپورٹ پر اپنے اعتراضات سے متعلق نوجوانوں، خاندان  اور سماجی امور کی کمیٹی کا نکتہ نظر سنا تھا۔  
ارکان شوریٰ نے وزارت افرادی قوت سے دریافت کیاکہ آخر کیا وجہ ہے کہ دکانوں اور تجارتی سرگرمیوں اور متعدد پیشوں میں ابھی تک غیرملکی کارکن ملازمتیں کررہے ہیں؟
شوریٰ نے اس بات کا بھی جواب طلب کیا کہ معمولی نوعیت کے پیشوں میں غیرملکی نگراں برقرار رکھنے کی کیا وجہ ہے؟ آخر ان کی جگہ سعودی شہریوں کی تقرری کیوں نہیں کی جا رہی ہے-
مجلس شوریٰ نے وزارت افرادی قوت کو ہدایت کی کہ وہ لیبر مارکیٹ کے چیلنجوں سے نمٹنے اور لیبر مارکیٹ کے فروغ کے لیے مناسب موزوں حل اپنانے کی خاطر تاجروں، صنعتکاروں، کارکنان اور حکومتی اداروں کے ساتھ سماجی مکالمے بڑے پیمانے پر کرے۔
مجلس شوریٰ نے عسکری صنعتوں کے ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلیٰ درجے کی انٹرنیشنل کنسلٹینسیوں سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ کار ترتیب دے۔  سعودی شہریوں کو کنسلٹینسی کی تربیت فراہم کرے اور انہیں اس میدان میں تجربہ حاصل کرنےکے مواقع فراہم کرے۔

شوریٰ نے کہا ہے کہ شہریوں کو کنسلٹینسی کی تربیت فراہم کی جائے( فوٹو سوشل میڈیا)

شوریٰ نے ہدایت جاری کی کہ عسکری صنعتوں کا قومی ادارہ عسکری صنعتی ٹیکنالوجی کو جدید  خطوط پر استوار کرنے کے لیے یونیورسٹیوں اور ریسرچ سینٹرز کے ساتھ تعاون کا دائرہ بڑھائے-
شوریٰ نے اجلاس میں ایک فیصلہ یہ بھی کیا کہ سائبر سکیورٹی کا قومی ادارہ سائبر کرائمز کو قابو کرنے اور قومی بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
شوریٰ نے اصلاحی مراکز اور وثیقہ نویسی کے اداروں میں خواتین کے لیے متعدد اسامیاں مختص کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
دریں اثنا مجلس شوریٰ نے وزارت افرادی قوت  و سماجی بہبود سے کہا  ہے کہ اقامہ بنواتے وقت گھریلو عملے کی ذہنی صحت کا  معائنہ بھی ضروری قرار دیا جائے-  ذہنی صحت کے معائنے کی مثبت رپورٹ کے بغیر گھریلو عملے کا اقامہ بننے کی اجازت نہ دی جائے۔

شیئر: