Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میونسپلٹی کی کارروائی ، 4 ٹن پھل اور سبزیاں ضبط

سبزیاں اور پھل ضبط کرکے فلاحی انجمنوں کے حوالے  کردیے گئے- فوٹوسبق
جدہ میونسپلٹی نے العزیزیہ، رحاب اور مشرفہ محلوں میں جہاں برصغیر پاکستان، انڈیا  اور بنگلہ دیش کے شہری بڑی تعداد میں سکونت پذیر ہیں ریڑھی والوں پر چھاپے مار کر  4 ٹن سبزیاں اور پھل ضبط کرلیے۔ دوسری جانب ینبع کی بلدیہ نے کورونا ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 3 ادارے سربمہر کردیے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری بلدیات کونسل انجینیئر محمد الزہرانی نے بتایا کہ 55 ریڑھیاں اور عارضی فرشی دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ 4 ٹن کے قریب سبزیاں اور پھل ضبط کرکے فلاحی انجمنوں کے حوالے  کردیے گئے۔
الزہرانی نے چھاپہ مہم کے اہداف کے حوالے سے بتایا کہ  تینوں محلوں میں غیرملکی کارکن غیرمنظم طریقے سے سبزیاں اور پھل فروخت کررہے تھے۔ وہاں سماجی فاصلے کی پابندی ہورہی تھی اور نہ ہی حفاظتی ماسک استعمال کیے جارہے تھے۔ کورونا وائرس کے پھیلنے کا ماحول بنا ہوا تھا۔ چھاپہ مہم میں العزیزیہ  بلدیہ کے چیئرمین انجینیئر احمد الشافعی، انسپکٹرز اور صفائی کارکن شریک ہوئے۔
دوسری جانب ینبع کی بلدیہ نے کورونا سے بچاؤ اور حفاظتی ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر تین ادارے سربمہر کردیے جبکہ تجارتی مراکز، بازاروں اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپہ مہم کے دوران  14 اداروں کو تنبیہ خط جاری کیے گئے۔

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: