Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے تعاون‘

اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ملکی اور بین الاقوامی امور سے متعلق 19 فیصلوں کی منظوری دی ہے۔
کابینہ کا ویڈیو اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ  51 ممالک سے  250  پروازوں کے ذریعے 47 ہزار سے زیادہ ان سعودی شہریوں کو وطن واپس لایا گیا جو واپسی کے آرزو مند تھے۔ سعودی شہریوں کی وطن واپسی کا آپریشن وزارت خارجہ کے تعاون سے ہنوز جاری ہے۔

کابینہ نے کورونا کی وبا  کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا(فوٹو ایس پی اے)

سعودی کابینہ نے مملکت کے اندر اور باہر کورونا کی وبا  کی تازہ صورتحال اور اس حوالے سے اندرون ملک وبا پر قابو پانے کے لیے جاری کاوشوں کی بابت مفصل رپورٹ سنی۔ جس میں بتایا گیا کہ مملکت بھر میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کی مہم جاری ہے تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور مقامی شہریوں و مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔
القصبی نے بتایا کہ ’کابینہ نے 1967 کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اپنی خودمختاری میں شامل کرنے کے اسرائیلی عزائم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اس حوالے سے مسلم وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کی ان قراردادوں کی بھرپور تائید و حمایت کی جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں کو اپنی خودمختاری میں شامل کرنے کا اعلان بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر کھلا جارحانہ حملہ ہے۔ اسرائیل کی اس قسم کی دھمکیوں سے امن عمل کی بحالی کے امکانات سبوتاژ ہوجائیں گے‘۔
سعودی کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر بحث کے بعد یقین دہانی کرائی کہ’ سعودی عرب دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں تمام ممالک کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا‘۔

سعودی کابینہ نے 19 فیصلوں کی منظوری دی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

’اس حوالے  سے ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لے گا۔ مملکت کو یقین ہے کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی سے پوری عالمی برادری کو تشویش ہے اور یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں‘۔
کابینہ نے اس حوالے سے فرانس کی میزبانی میں جی فائیو ساحلی ممالک کے اتحادی اجلاس کی قراردادوں کی تائید و حمایت کی۔
سعودی کابینہ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی جانب سے سعودی شہریوں اور مملکت کی شہری تنصیبات پر ڈرونز اوربیلسٹک میزائل حملوں کی پھر سخت مذمت کی اور کہاکہ حوثیوں کے یہ حملہ دہشتگردانہ، وحشیانہ اور شہریوں کے امن و سلامتی کو درہم برہم کرنے کی کوشش ہے۔
 کابینہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل، شمالی نائجیریا اور عراق کے دیالی صوبے میں دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی۔
اجلاس نے سعودی عرب اور وفاقی روس کے  شہریوں کو وزٹ ویزوں کے اجرا سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی ہے۔ ڈیموکریٹک کانگو کے ساتھ تعاون کے بڑے معاہدے کا اختیار وزیر خارجہ کو تفویض کردیا۔
  جبوتی کی وزارت اسلامی امور کے ساتھ شاہ سلمان اسلامک کلچرل سینٹرکے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا ا ختیار وزیر اسلامی امورکو تفویض کیا گیا ہے۔
کابینہ نے صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری منظوری دی ہے۔ مختلف عہدوں پرمقامی شہریوں کی تقرری اور ترقی کے احکام بھی جاری کیے۔

شیئر: