واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں صفائی کا خیال نہیں رکھا گیا تھا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے الجوف ریجن میں بلدیہ کی ٹیموں نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر مشترکہ آپریشن کے دوران مقررہ ضوابط کی خلاف ورزیوں پرواٹرپلانٹ سیل کردیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ اور فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے علاقے میں قائم ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا جہاں پانی کو فلٹرکرکے پینے کے قابل بنایا جاتا تھا۔
مشترکہ ٹیم نے پلانٹ میں متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جن میں اہم ترین خلاف ورزی حفظان صحت کے اصولوں پرعمل نہ کرنا تھا۔
پلانٹ کے انڈرگراونڈ واٹر ٹینک غیر مناسب تھا جس کی وجہ سے ذخیرہ کیے گئے پانی میں مٹی اور دیگر اشیا پائی گئی جبکہ ٹینک کا ڈھکن بھی ٹوٹا ہوا تھا جس کی وجہ سے حشرات الارض بھی پانی میں پائے گئے تھے۔
واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں صفائی کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا ۔ بعض کارکنوں کے صحت کارڈ بھی ایکسپائر ہو چکے تھے جنہیں تجدید نہیں کرایا گیا تھا۔
تفتیشی ٹیم نے پلانٹ میں پائی جانے والی خلاف ورزیوں کا اندراج کرنے کے بعد پلانٹ کو سیل کر دیا ۔مالک کے خلاف چالان بھی کیا ہے۔
ریجنل بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی ٹیمیں مسلسل مارکیٹوں کا دورہ کرتی ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ مقررہ ضوابط کے مطابق کام کیاجارہاہے۔
بلدیہ کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کے حوالے سے جو بھی خلاف ورزی دیکھیں اس کے بارے میں بلدیہ کے ٹول فری نمبر940 پر مطلع کیاجائے۔