Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے شہروں میں سفر کی اجازت

’منگل کی صبح 6 بجے سے شہری وغیر ملکی ابوظبی، العین اور الظفرہ میں آجا سکیں گے‘ ( فوٹو: البیان)
ابوظبی ریاست کے شہروں کے مابین رہائشیوں کو سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ منگل کی صبح 6 بجے سے شہری و غیر ملکی ابوظبی، العین اور الظفرہ میں آ جا سکیں گے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق کورونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم کمیٹی نے کہا ہے کہ ’ابوظبی ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی اطمینان بخش صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست میں جزوی نرمی کی جائے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’یہ اجازت صرف ریاست کے رہائشیوں کے لیے ہے کہ وہ ریاست کے اندر سفر کرسکتے ہیں تاہم ریاست سے باہر کسی کو آنے کی اجازت نہیں‘۔
’اس سے صرف سامان اور ڈاک لانے لیجانے والوں کے علاوہ ان افراد کو استثنی ہے جن کے پاس اجازت نامہ ہے‘۔
’ریاست سے باہر جانے یا باہر سے اندر آنے کی پابندی ہر سطح کے کارکنوں پر بھی لاگو ہے‘۔
قبل ازیں حکام نے فیصلہ کیا تھا کہ ابوظبی میں رہائش پذیر افراد اجازت نامے کے بغیر ریاست سے باہر جاسکتے ہیں تاہم ریاست میں داخل ہونے کے لیے اجازت نامہ درکار ہوگا۔
اس سے قبل اماراتی حکام نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے پوری ریاست میں آمد ورفت معطل کردی تھی جس میں ایک مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔

شیئر: