’مکہ کے المعابدہ محلے میں 13 باربر شاپس بند جبکہ 25 کو جرمانے کیے گیے‘ ( فوٹو: الریاض)
جدہ اور مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں سمیت کئی باربر شاپس کو سر بمہر کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے سکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ ’19 محلوں کی مقامی بلدیہ نے گزشتہ دن مجموعی طور پر 4 ہزار تفتیشی دورے کیے ہیں جو شہر کے باربر شاپس، بیوٹی پارلر اور مختلف شعبوں کی ریٹیل دکانوں میں کیے گیے‘۔
’دوروں کا مقصد حفاظتی و احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کا جائزہ لینا تھا نیز بلدیہ کی طرف سے سلامتی کے ضوابط کو یقینی بنانا تھا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے بلدیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہوا ہے، مذکورہ دوروں میں سے بیشتر رہائشیوں کی شکایت پر کیے گیے تھے‘۔
’ہمیں امید ہے کہ شہری و غیر ملکی جہاں کہیں بھی حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر میونسپلٹی کو مطلع کریں‘۔
’تفتیشی دوروں کے نتیجے میں 133 دکانوں کو بند کردیا گیا ہے، ان میں سے بیشتر باربر شاپس اور بیوٹی پارلر ہیں جہاں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی ہو رہی تھی‘۔
دوسری طرف مکہ مکرمہ کے المعابدہ محلے کی میونسپلٹی نے تفتیشی دورے کے دوران 13 باربر شاپس کو بند کر دیا ہے۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’جن بابر شاپس کو بند کر دیا گیا ہے وہاں حفاظتی تدابیر کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں‘۔
’جبکہ 25 بابر شاپس کو معمولی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے گیے ہیں‘۔
المعابدہ میونسپلٹی کے سربراہ یاسر مکاوی نے کہا ہے کہ ’باربر شاپس، بیوٹی پارلر اور عام دکانوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی دورے جاری رہیں گے‘۔