Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس ایئرلائن کی پاکستان کے لیے پروازیں معطل

پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے امارات ایئرلائن نے فضائی آپریشن معطل کر دیا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث امارات ایئر لائن نے پاکستان سے فضائی آپریشن عارضی طور ہر معطل کر دیا ہے جس سے دبئی کے راستے یورپی ممالک جانے والے ہزاروں پاکستانی ایک بار پھنس کر رہ گئے ہیں۔
امارات ائیر لائن نے 24 جون سے پاکستان سے جانے والی تمام پروازیں منسوخ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تین جولائی کو اس حوالے سے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کہ کیا پروازیں بحال کی جا سکتی ہیں یا نہیں۔
امارات ایئر لائن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ہانگ کانگ میں امارات ایئر لائن پر سفر کرنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پاکستان سے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امارات ایئر لائن حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ان پروازوں سے وابستہ تمام فریقین کو مطمئن کیا جا سکے۔
ائیر لائن کا کہنا ہے کہ مسافروں، عملے اور معاشرے کے دیگر افراد کی صحت اولین ترجیح ہے اسی لیے پروازوں پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
امارات فلائٹ انکوائری کے مطابق پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس سے امارات کی 15 جولائی تک کی تمام سیٹیں بک ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے سے ان شہریوں کو انتظار کی زحمت سے گزرنا پڑے گا۔
امارات ایئر لائن کے اس فیصلے سے یورپ میں مقیم وہ افراد جو 22 مارچ سے قبل پاکستان آئے تھے اور یورپ واپسی کے خواہش مند تھے ایک بار پھر پھنس کر رہ گئے ہیں۔
گجرات کے رہائشی مدثر علی اٹلی میں ریتے اور فروری میں خاندان سے ملنے بیوی بچوں سمیت پاکستان آئے تھے۔  21 مارچ کو واپس جانا چاہتے تھے لیکن پروازیں منسوخ ہونے کے باعث واپس نہ جا سکے۔

ایئر لائن کے مطابق صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'پی آئی اے کا ٹکٹ افورڈ نہیں کر سکتا تھا۔ امارات نے ریٹرن ٹکٹ پر بغیر کسی اضافی چارج کے اسلام آباد کے بجائے لاہور کی ٹکٹیں بک کیں تو بھی شکر ادا کیا کہ واپس پہنچ ک محنت مزدوری کریں گے اور چار ماہ میں جو نقصان ہوا اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
ان کے مطابق ‘پروازیں پھر منسوخ ہونے سے ایک بار پھر بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔‘
امارات ایئر لائن نے چار جون کو 29 ممالک کے لیے ٹرانزٹ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اماراتی حکومت کے فیصلے کے تحت ٹرانزٹ پروازوں کے مسافروں کو دبئی میں چار گھنٹے سے زائد قیام کی اجازت نہیں تھی۔
اگر کسی وجہ سے چار گھنٹے سے زائد قیام کرنا بھی پڑ جائے تو بھی مسافروں کو ہوٹل کی سہولت میسر نہیں تھی انھیں ویٹنگ ہال میں ہی ٹھہرنے کی اجازت تھی۔

شیئر: