قطر ایئرویز کا پائلٹس کی برطرفی اور تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ
قطر ایئرویز کا پائلٹس کی برطرفی اور تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ
پیر 15 جون 2020 17:39
پائلٹس کی تنخواہوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی کی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث قطر ایئرویز کچھ پائلٹس کو ملازمتوں سے برطرف جبکہ باقیوں کی تنخواہوں میں ایک چوتھائی تک کمی کرے گی۔
روئٹرز کے مطابق اس معاملے کا علم رکھنے والے دو ذرائع نے بتایا ہے کہ برطرفی سے بچ جانے والے پائلٹس کی تنخواہوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی کی جائے گی۔
ایئرلائن کے ترجمان نے اس حوالے سے کسی بھی طرح کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
بلومبرگ نے ایئرلائن کے ایک اندرونی خط کا حوالہ دیتے ہوئے پائلٹس کی ملازمتوں سے برطرفی اور تنخواہوں میں کمی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ایئرلائن کے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قطری شہریوں کو تنخواہوں میں کٹوتی سے استشنیٰ حاصل ہوگا۔
قطر ایئرویز نے اپنے بیشتر ملازمین کو پہلے ہی تنخواہوں کی ادائیگی بند کر رکھی ہے جبکہ کچھ ملازمین کو اپریل سے جون تک کی آدھی تنخواہوں کی ادائیگی بعد میں کی جانی ہے۔
قطر ایئر ویز گروپ جو کہ قطر ایئرلائن کے ساتھ ساتھ حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دوحہ میں ہوابازی سے متعلقہ دیگر اثاثہ جات کا مالک ہے نے حال ہی میں کہا تھا کہ کمپنی کے کل 40 ہزار میں سے 20 فیصد ملازمین کو برطرف کر دیا جائے گا۔
تاہم کمپنی کی جانب سے بعد میں کہا گیا تھا کہ 20 فیصد سے کم ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔