مصر میں مساجد، کلیسا اور ریستوران ہفتہ سے کھولنے کا فیصلہ
’ریستوران رات 9 بجے تک اور کیفے ٹیریاز رات 10 بجے تک کھلا کریں گے، شیشہ پر پابندی ہوگی‘ (فوٹو: العربیہ)
مصر میں مساجد سمیت تمام عبادت گاہیں، ریستوران اور کیفے ٹیریا ہفتہ سے کھل جائیں گے۔
مصری نیوز ایجنسی کے مطابق مصری وزیر اعظم مصطفی مدبولی نے کہا ہے کہ ’ریستوران رات 9 بجے تک جبکہ کیفے ٹیریاز رات 10 بجے تک کھلا کریں گے تاہم شیشہ فراہم کرنے پر پابندی ہوگی‘۔
’مساجد اور کلیساؤں سمیت ریستورانوں اور کیفے ٹیریا میں گنجائش کے حساب سے 25 فیصد افراد کو آنے کی اجازت ہوگی‘۔
’تمام شہروں میں کرفیو کا وقت کم کر کے رات 12 بجے سے صبح 4 بجے تک کر دیا گیا ہے، رہائشیوں کو حفاظتی تدابیر کا پابند بنایا جارہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شادی ہال، عزا کی مجلسیں، تقریبات اور ساحل سمندر کے علاوہ پبلک پارکس فی الحال بند رہیں گے‘۔
’حکومت معمولات زندگی مرحلہ وار بحال کر رہی ہے تاہم احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل میں سختی کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کورونا کے باعث کاروبار بند کرنے سے ملک کی معیشت کو سخت نقصان ہوا ہے، صرف ریستوران اور کیفے ٹیریاز بند کرنے سے 35 لاکھ شہری متاثر ہوئے ہیں‘۔
’تمام کاروباری شعبوں کو دوبارہ کھولنا ہوگا تاکہ ملک کی معیشت کاپہیہ دوبارہ چل سکے‘۔