فیس بُک پر شادی کی پیشکش، مصری سٹار ملازمت سے فارغ
کمپنی کا کہنا ہے کہ مہا اسامہ اس کی بدنامی کا باعث بنی ہیں ( فوٹو: فیس بک)
ایک مصری لڑکی کو فیس بک پر شادی کی پیش کش کرنے پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
مصری اخبار الیوم السابع کے مطابق 32 سالہ فیس بک سٹار مہا اسامہ نے کہا ہے کہ ’مجھے ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے، وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ میں نے مناسب رشتے کے لیے فیس بک پر شادی کی پیش کش کی تھی‘۔
اس سے قبل مہا نے اپنے فیس بک پیج پر لائیو ویڈیو میں کہا تھا ’میرا نام مہا اسامہ ہے، میری عمر 32 سال ہے، میرا ابھی تک رشتہ نہیں ہوا، میں حق حلال طریقے سے شادی کرنا چاہتی ہوں، اس مقصد کے لیے مجھے کسی مناسب رشتے کی تلاش ہے۔'
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے اندازہ ہے کہ میرا یہ اقدام آسان نہیں، مجھے رشتہ داروں اور معاشرے سے بھی کئی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ ’مجھ سے صرف سنجیدہ لوگ رابطہ کریں، جو آدمی شریف النفس ہو، خود کماتا ہو اور رشتے کی تلاش میں ہو وہ مجھ تک پہنچ جائے گا‘۔
دوسری طرف فیس بک سٹار کو ملازمت سے فارغ کرنے والی کمپنی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ملازم معاشرے کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمپنی کی بدنامی کا باعث بنی ہیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔'