Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فروغ سیاحت فنڈ کا سرمایہ 15 ارب ریال، قانون کی منظوری

فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔(فوٹو اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کرکے فروغ سیاحت فنڈ کے قانون کی منظوری دی ہے۔عمل درآمد سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 90 دن بعد ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔ انتظامی طور پر فروغ قومی فنڈ سے مربوط ہوگا۔ اس کا مقصد سعودی عرب میں سیاحتی ترقی ہوگی۔
فروغ سیاحت فنڈ  قانون  کے قواعد و ضوابط  کے مطابق فنڈ کا سرمایہ 15 ارب ریال مقرر کیا گیا ہے۔
فنڈ کے پاس اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے جملہ اختیارات ہوں گے۔ سرمایہ کاری، اثاثوں کی خرید و فروخت، سیاحتی مقامات کو براہ راست یا نجی و سرکاری اداروں و کمپنیوں کے توسط سے بالواسطہ ترقی دینے سمیت سارے اختیارات فروغ سیاحت فنڈ کو حاصل ہوں گے۔
فنڈ کو سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کو فنڈ فراہم کرنے یا سیاحتی ٹیکنالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے یا امدادی خدمات مہیا کرنے کے لیے فنڈنگ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔
مختلف سیاحتی سرگرمیوں میں معاون بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں بھی حصہ لے سکتا ہے۔

فنڈ کا مقصد سعودی عرب میں سیاحتی ترقی ہوگی۔(فوٹو اے ایف پی)

علاوہ ازیں سیاحتی اداروں کی فنڈنگ کے لیے ایسے کسی بھی ادارے کے ساتھ معاہدہ کرسکتا ہے جو فنڈ فراہم کرتا ہو۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ ہفتے فروغ سیاحت فنڈ کی مجلس انتظٓامیہ کی منظوری جاری کی تھی۔  مجلس انتظامیہ کے  سربراہ احمد الخطیب  ہیں جبکہ شہزادی  ھیفا بنت محمد احسان بافقیہ، سٹیفن گروف، محمد العمران اور محمد الحوقیل کو رکن بنایا گیا ہے۔

شیئر: