دنیا میں کورونا کے متاثرین 98 لاکھ سے زائد، اموات پانچ لاکھ کے قریب
دنیا میں کورونا کے متاثرین 98 لاکھ سے زائد، اموات پانچ لاکھ کے قریب
ہفتہ 27 جون 2020 17:33
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 45 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے (فوٹو: روئٹرز)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 98 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتیں چار لاکھ 93 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادرے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ملک امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 45 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے اور یوں متاثرین کی کُل تعداد 24 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک چکے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل اس وبا سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں یہ وبا ملک کے اندرونی علاقوں کے چھوٹے قصبوں میں پہنچ گئی ہے جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ وبا بڑے شہروں کی طرف لوٹے گی کیونکہ قصبوں میں صحت کی سہولیات ناکافی ہیں۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں اب تک 12 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 55 ہزار 961 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں 6 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ روس میں کورونا وائرس سے اب تک 8 ہزار 958 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق انڈیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 17 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کُل تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 15 ہزار 685 ہیں۔
برطانیہ میں وبا کے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے جبکہ ملک میں 43 ہزار 498 اموات ہو چکی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق برطانیہ ایسے ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے 14 دن قرنطینہ میں رہنے کی شرط ختم کر دے گا جہاں وبا زیادہ نہیں پھیلی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 708 ہو گئی ہے۔ فرانس میں 29 ہزار 781 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سپین میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار 338 سے زائد ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مائکرو سافٹ نے کہا ہے کہ وہ چار لوکیسشنز کے علاوہ، جنہیں وہ ’تجرباتی سنٹرز‘ میں تبدیل کر رہی ہے، اپنے تمام دفاتر کو بند کر کے رٹیل آپریشن کو آن لائن کر رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ وبا کی وجہ سے اپنے 80 سے زیادہ سٹورز کو بند کر دے گی۔
روئٹرز کے مطابق جمعے کو اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کی سربراہی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم اتحاد نے حکومتوں اور نجی خیراتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیسٹس، علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے 31.3 ارب ڈالر اکٹھے کریں۔
ڈبلیو ایچ او نے جمعے کو کہا کہ اب تک 3.4 ارب ڈالر اکٹھے ہو چکے ہیں اور 27.9 ارب ڈالر مزید چاہیں جس میں سے 13.7 ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔