ڈبلیو ایچ او نے آگاہی پھیلانے کے لیے مسٹر بین کے کارٹون کا سہارا لیا ہے (سکرین شاٹ یوٹیوب )
مشہور زمانہ فنکار روون ایٹکنسن کو دنیا 'مسٹر بین' کے نام سے جانتی ہے اور مسٹر بین ایک ایسا دلچسپ کردار تھا جو پوری دنیا میں مقبول ہوا۔
'مسٹر بین' کی اداکاری میں سب سے بڑا کمال یہ تھا کہ وہ کچھ بولے بغیر صرف اپنی جسمانی حرکات کی وجہ سے لوگوں کے پسندیدہ کردار بن گئے۔
بچے ہوں یا بڑے، مرد یا خواتین سب ہی مسٹر بین کی خاموش اداکاری کے دیوانے ہیں۔
لوگوں کے اس پسندیدہ کردار نے اب دنیا بھر کے شہریوں میں کورونا کی وبا سے متعلق آگاہی پھیلانے کا بیٹرا اٹھایا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر بتائی جارہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسٹر بین کا کارٹون ایک چارٹ سامنے لاتا ہے جس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر لکھی ہوتی ہیں۔ ان تدابیر میں ہاتھ دھونا، ماسک کا استعمال کرنا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا، ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرنا اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کا خیال رکھنے کے حوالے سے معلومات درج کئی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر صارفین نے اس ویڈیو پر عالمی ادارہ صحت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
سوشل میڈیا صارفین نے جہاں ویڈیو کو پسند کیا ہے وہیں اکثر نے یہ بھی پوچھا ہے کہ ’مسٹربین کا ماسک کہاں ہے؟‘
اپنے پسندیدہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے ایک یوٹیوب صارف نے لکھا کہ ’مسٹر بین تو ڈبلیو ایچ او کے سب سے قابل کارکن لگ رہے ہیں۔‘
ڈبلیو ایچ او کی اس ویڈیو کو یوٹیوب پر ہزاروں لوگوں کی جانب سے دیکھا جا چکا ہے اور پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
مسٹر بین آخری بار سال 2018 میں اپنی ریلیز ہونے والی فلم جونی انگلش 3 میں نظر آئے تھے-
اس کے بعد سے وہ اب تک سکرین سے غائب ہیں۔ اس عرصے کے دوران مسٹر بین کے انتقال کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں تھی۔