کیبل چوری کی واردتوں میں ملوث غیر ملکی گروہ گرفتار
ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے کیبل چوری کی وارداتوں میں ملوث غیر ملکی گروہ کے چھ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ ریاض کے الفیصلیہ، الصحافہ، الیاسمین، القیروان، الرجمانیہ، العقیق اور الملکا محلوں سے کیبل اور بجلی کے سامان کی چوری کی شکایات موصول ہورہی تھیں۔
پولیس حکام نے واردات کرنے والوں کی نشاندہی، ان تک رسائی اور گرفتاری کے لیے سراغ رسانوں کی مدد حاصل کی۔
التویجری نے بتایا کہ وارداتیں کرنے والوں کی بنیادی معلومات جمع ہوجانے پر پولیس نے چوروں کے چھ رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان پاکستانی تھے اور عمر کے تیسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں۔
التویجری نے بتایا کہ ملزمان زیر تعمیر عمارتوں اور بجلی گھروں سے کیبل اور بجلی کا سامان چوری کررہے تھے۔ انہوں نے 55 ایسی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔