Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ علاقوں میں جمعے اور ہفتے کو بارش متوقع

ابہا، خمیس مشیط، النماص سمیت عسیر کی بارہ کمشنریاں شامل ہیں(فوٹو سبق)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعے اور ہفتے کو سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے قبل ریاض، نجران، عسیر، باحہ اور جازان میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ ہواؤں کی رفتار فی گھنٹہ 45 کلو میٹر تک رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔

گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔(فوٹو عرب نیوز)

بیان میں مزید کہا گیا کہ  صوبوں کی 35 کمشنریوں میں زیادہ بارش ہوگی۔ ان میں ابہا، خمیس مشیط، النماص سمیت عسیر کی بارہ کمشنریاں شامل ہیں۔
جازان کی نو کمشنریوں ، باحہ کی چھ کمشنریوں، نجران کی چار اور ریاض کی 3 کمشنریوں میں بارش کا سلسلہ رہے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات ابو عبدالرحمن الصخری کا کہنا ہے کہ کل اور پرسوں مملکت کے متعدد علاقوں میں بارش کہیں زیادہ ہوگی تو کہیں ہلکی پھلکی ہوگی البتہ شرورۃ، نجران، جازان عسیر اور باحہ کے نواح میں موسلا دھار بارش ہوگی۔
نجران اور جازان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کو شام سات بجے تک العارضہ، العیدابی، فیفا اور ھروب کمشنریوں میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جبکہ جازان، عسیر اور باحہ میں گرد آلود ہواؤں کے بعد مطلع ابر آلود رہا۔ مکہ ریجن کے بھی بعض علاقوں کا موسم غیر مستحکم رہا۔

شیئر: