Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'چاپلوس فلمیں حاصل کرنے کے لیے تنقید کرتے ہیں'

کنگنا رناوت کے مطابق کچھ لوگ اقربا پروری کے خلاف ان کی مہم کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی سپر سٹار کنگنا رناوت نے اپنی ساتھی اداکارہ تاپسی پنوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلم مافیا کو سپورٹ کرتی ہیں۔
اداکارہ کنگنا رناوت کی ٹیم نے ایک ٹویٹ کی کہ تاپسی پنوں فلم مافیا کی نظر میں اچھا رہنا چاہتی ہیں اور مافیا کے خلاف ان (کنگنا رناوت) کی تحریک میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں۔
ایک شخص جس نے ٹوئٹر پر بالی وڈ میں اقربا پروری سے متعلق اداکارہ تاپسی پنوں کی بحث کے بارے میں کچھ خبروں کے سکرین شاٹس شیئر کیے تھے، کے جواب میں کنگنا رناوت کی ٹیم نے ٹویٹ کی اور تاپسی پنوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوت کی ٹیم نے تاپسی پنوں کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کئی چاپلوس انڈسٹری میں فلمیں اور ایوارڈز حاصل کرنے کے لیے مسلسل کنگنا رناوت پر حملے اور اقربا پروری کے خلاف ان کی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ لوگ ایک خاتون کو کھلے عام ہراساں کرنے کے عمل کا بھی حصہ بنتے ہیں۔‘
دو گھنٹے بعد ایک ٹویٹ میں تاپسی پنوں نے کسی کا ذکر کیے بغیر ’تلخ لوگوں‘ کے بارے میں لکھا کہ ’زندگی میں خصوصاً گذشتہ کچھ ماہ کے دوران چند چیزوں نے معاملات کو بہتر انداز میں دیکھنے میں مدد کی۔ اس کے نتیجے میں بہت سکون محسوس ہوا، اسی لیے شیئر کر رہی ہوں۔‘
تاپسی کے شیئر کردہ اقوال میں ایک کے مطابق ’تلخ لوگوں سے خدا محبت کرتے ہیں، ہمیں بھی ایسا کرنا چاہیے وہ کسی بھی مثبت چیز میں کچھ نا کچھ منفی دیکھ لیتے ہیں۔ وہ آپ سے اس لیے خوش نہیں رہ سکتے کیونکہ وہ خود سے ناخوش ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ کڑوے نہ ہوں بلکہ ان کی بھلائی کے لیے بہتری کا مظاہرہ کریں۔‘
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ دونوں کے درمیان گرما گرمی ہوئی ہو۔ اس سے قبل کنگنا کی بہن رنگولی چانڈیل تاپسی کو ’سستی کاپی‘ کہہ چکی ہیں۔

شیئر: