ایک قومی کمپنی کو 9 لاکھ ریال میں ٹھیکہ دیا گیا تھا۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے تاریحی مسجد قبا میں نیا قالین بچھوا دیا ہے۔
وزارت ملک بھر میں گیارہ ہزار جامع مساجد اور عام مساجد کی اصلاح و مرمت، صفائی اور سینیٹائزنگ کا پروگرام نافذ کرا رہی ہے۔ مسجد قبا کا قالین کی تبدیلی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد قبا میں 4988 مربع میٹر قالین بچھایا گیا ہے۔ اس کا ٹھیکہ ایک قومی کمپنی کو 9 لاکھ ریال میں دیا گیا تھا۔
وزارت اسلامی امور تین نکاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ مساجد کی اصلاح و مرمت، سینیٹائزنگ اور صفائی۔ تینوں کام وزارت محکمہ اوقاف کے تعاون و شراکت سے انجام دے رہی ہے۔
وزارت اسلامی امور اس سے قبل مسجد قبا میں کئی تعمیراتی منصوبے نافذ کراچکی ہے۔
مسجد قبا نمازیوں اور زائرین کے لیے چوبیس گھنٹے کھلی رکھی جانے لگی ہے۔ اس کا فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کیا تھا۔
وزارت نے خواتین کی نماز کے لیے مخصوص حصے میں توسیع کرائی۔ پہلے صرف بارہ سو خواتین اپنے لیے مخصوص حصے میں نماز ادا کرسکتی تھیں۔ اب خواتین کے لیے نماز کی جگہ بڑھا کر 1850 کردی گئی ہے۔
مسجد قبا کے ہر حصے میں سی سی کیمرے نصب کردیے گئے ہیں جبکہ طہارت خانے اور اصلاح و مرمت کا دیگر کام بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے مسجد قبا میں روشنی کا نیا نظام لگوایا ہے اور ایل ای ڈی بلب لگوائے گئے ہیں جن کی بدولت بجلی 85 فیصد سے کم خرچ ہوتی ہے۔ مسجد میں ساؤنڈ سسٹم جدید خطوط پر آراستہ کیا گیا ہے۔
مسجد میں صفائی اور اصلاح ومرمت کرانے والی کمپنی کے کارکنان چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔