'پہلی حکومتیں پیپسی سے بجلی بناتی تھیں؟'
عمران خان کے بیان پر ان کے ناقدین طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر اپنے ایک بیان کی وجہ سے اس وقت سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں ہیں۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ 'خوشی ہے کہ اب پاکستان میں بجلی پانی سے بنے گی۔
عمران خان کے اس بیان پر ان کے ناقدین نے طرح طرح کے تبصرے شروع کر دیے۔
میاں رضوان طارق نامی صارف نے لکھا کہ 'پچھلی حکومتیں مصنوعی اور جعلی بجلی پیدا کرتی تھیں جو بحران کا باعث بنی اب ہم دنیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ پانی سے اصلی بجلی پیدا کرکے جلد بحران کا خاتمہ کریں گے۔'
انور مقصود کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'پچھلی حکومتیں پیپسی سے بجلی بنا رہی تھیں، اب ہم پانی سے بجلی بنائیں گے۔'
ارشد وحید نامی صارف نے لکھا کہ 'کیونکہ پہلے دھوئیں سے بن رہی تھی، ماشااللہ۔'
ایک اور صارف جمشید خان نے لکھا کہ 'جس وزیراعظم کے علم کی یہ حالت ہو کہ اسے یہ نہیں معلوم کہ پاکستان میں پانی سے بجلی بنانے کی صلاحیت 1967 میں حاصل کرلی گئی تھی تو اس سے ہم کیا امید یا توقع رکھیں۔'
شائن سٹائن کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے طنز کیا کہ 'ستر سال سے ساری حکومتیں پانی سے مصنوعی بجلی بنا رہی تھیں اب ہم پانی سے اصلی بجلی بنائیں گے۔'
محمد اکبر نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ 'شکر ہے بجلی سے پانی بنے گی نہیں کہا۔'
عامر ملک نامی صارف نے خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ 'خلیفہ اب پانی سے بجلی بنانے لگا ہے، میرے پاکستانیو اب پانی نہیں یا بجلی نہیں۔'
ڈارک روسٹ نیوز کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'وہ دور گیا جب پرانے پاکستان میں آلوؤں سے بجلی بنتی تھی، نئے پاکستان میں پانی سے بجلی بنے گی۔'
ایک صارف سلمان خان موجودہ حالات سے زرا مایوس نظر آئے، انہوں نے لکھا کہ 'بجلی پانی سے بنے یا تیل سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوگی۔'