سعودی وزارت صحت کے ماتحت قدرتی آفات اور ایمرجنسی ادارے کے نگران اعلی ڈاکٹر جمال العویس نے کہا ہے کہ’ گزشتہ تین ماہ کے دوران مملکت بھر میں انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں بستروں کی گنجائش 30 فیصد بڑھا دی گئی‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر العویس نےبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں کورونا کے 65 سے 75 فیصد تک مریض مصنوعی تنفس کے سہارے چل رہے ہیں۔
انہوں نے اطمینان دلایا کہ وزارت صحت روزانہ کی بنیاد پر تمام سعودی ہسپتالوں کی گنجائش مسلسل بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا بحران کے آ غاز سے اب تک مملکت بھر میں 20 لاکھ سے زیادہ افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے۔ اب روزانہ کی بنیاد پر 60 ہزار افراد کا ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی-
وزارت صحت کا کہناہے کہ اب تک ایک لاکھ 54 ہزار 839 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ منگل کو صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5205 ریکارڈ کی گئی۔