مکہ میٹرو کا بنیادی ڈھانچہ 99 فیصد مکمل
جمعرات 9 جولائی 2020 11:39
’میٹرو کے لیے 6 پرانے محلوں کے 4 ہزار پرانے مکانات گرائے جاچکے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ میں میٹرو بچھانے کا کام کرنے والی کمپنی نے کہا ہے کہ منصوبے کے بنیادی ڈھانچے کا 99 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹھیکیدار کمپنی کے سربراہ یاسر ابو عتیق نے بتایا ہے کہ ’مکہ میٹرو کا ٹریک بچھا دیا گیا ہے‘۔
’حرمین ٹرین کے قریب میٹرو سٹیشن میں 99.80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ طریق عبد اللہ عریف ٹریک اور طریق منصور ٹریک میں 85 فیصد کام ختم ہوچکا ہے‘۔
’میٹرو کے لیے تعمیر کیے جانے والے پل بنیادی اہمیت کے حامل ہیں جن میں 71 فیصد کام کیا جا چکا ہے‘۔
دوسری طرف مکہ میٹرو کی نگران فنی کمیٹی کے سربراہ انجینئر عبد العزیز القرشی نے کہا ہے کہ ’میٹرو کے لیے 6 پرانے محلے منہدم کیے گیے ہیں، اس مقصد کے لیے 4 ہزار پرانے مکانات گرائے جا چکے ہیں‘۔
’بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کے بعد کئی تعمیراتی کام ہیں جن میں پیدل چلنے والوں کے لیے انڈر پاس شامل ہیں۔ ان کی مجموعی لمبائی 3650 میٹر ہوگی‘۔
’بسوں کے لیے خصوصی ٹریک کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ اور سٹیشنوں تک لے جانے والے پل تعمیر ہوں گے‘۔