جدہ؛ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ، ہائپر مارکیٹ سیل
جدہ؛ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ، ہائپر مارکیٹ سیل
جمعرات 9 جولائی 2020 20:17
انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیارنہیں کی گئی تھی(فوٹو، سبق)
جدہ میونسپلٹی نےمشہور ہائپر مارکیٹ کو سیل کردیا۔ مارکیٹ کے عملے کا ایک فرد کورونا میں مبتلا پایا گیاتھا۔
ہائپرمارکیٹ انتظامیہ کی جانب سے کارکن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے باوجود کسی قسم کی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری میئر جدہ انجینیئر محمد الزہرانی نے بتایا کہ ایک خاتون نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ مشہور ہائپر مارکیٹ کے عملے کا ایک کارکن کورونا وائرس میں مبتلا ہے اس کے باوجود مارکیٹ کھلی ہوئی ہے-
خاتون نے رپورٹ درج کراتے وقت یہ اطلاع بھی دے دی تھی کہ اس نے کارکن کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر ہائپر مارکیٹ کے عملے کو سرگوشیاں کرتے ہوئے حاصل کی ہے-
الزہرانی نے بتایا کہ بلدیہ کے افسران اطلاع ملتے ہی مارکیٹ پہنچ گئے تفتیشی کے دوران معلوم ہوا کہ اطلاع درست تھی ۔
مارکیٹ انتظامیہ کی جانب سے کارکن کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں مقرر حفاظتی تدابیر نہ کرنے پر مارکیٹ کو ہنگامی بنیادوں پر سیل کردیا گیا-
الزہرانی نے توجہ دلائی کہ ہائپر مارکیٹ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی- انہوں نے مقامی خاتون کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سب لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی کوئی غیر قانونی سرگرمی دیکھیں فوری طور پر میونسپلٹی کو اس سے مطلع کرنے کی کوشش کریں-