Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میوزک ویک کا شہر کے متعدد مقامات پر انعقاد

سعودی میوزک کمیشن کا مقصد نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بااختیار بنانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کا میوزک کمیشن،ایم ڈی ایل بیسٹ اور سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ کے تعاون سے ریاض میوزک ویک کا انعقاد پانچ سے 14 دسمبر تک شہر کے مختلف مقامات پر ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق میوزک ویک مملکت میں نہ صرف  تیزی سے ابھرتی ہوئی موسیقی کی صنعت کو نمایاں کرے گا بلکہ عالمی سطح پر اس کی تخلیقی اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کرے گا۔
تقریبات میں گلوبل میوزک میکرز کانفرنس بھی شامل ہے جس میں دنیا کے متعدد ممالک سے موسیقی کی صنعت سے جڑے افراد اور پالیسی ساز حصہ لیں گے۔
گلوبل میوزک میکرز کانفرنس سعودی عرب کی موسیقی کی صنعت کے لیے بین الاقوامی تعلقات اور مواقع کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ثابت ہو گی۔
ریاض کے مختلف مقامات پر سعودی ثقافت کا رنگ نظر آئے گا  جس میں سعودی روایتی موسیقی کے خصوصی مظاہرے ہوں گے۔
تقریبات میں مقامی موسیقار اپنی صلاحیتوں اور روایتی فنکار سعودی عرب کی بھرپور ثقافتی وراثت اور موسیقی کی جدت کو ایک ساتھ پیش کریں گے۔
میوزک ویک کے دوران مباحثے، سیمینارز اور ورکشاپس منعقد ہوں گی، جہاں اس صنعت کے ماہرین عالمی موسیقی کے رجحانات پر روشنی ڈالیں گے اور مشرق وسطیٰ میں پہلی بار میوزک سٹیز کنونشن منعقد ہو گا۔
ریاض میوزک ویک کے نمایاں ایونٹس میں ایکس پی میوزک فیوچرز، ساؤنڈ سٹروم اور بل بورڈ عربیہ میوزک ایوارڈز جیسے نمایاں پروگراموں کو شامل کیا گیا ہے۔

ریاض میوزک ویک سعودی موسیقی کی شناخت عالمی سطح پر نمایاں کرے گا۔ فوٹو عرب نیوز

ریاض میوزک ویک سعودی عرب کی موسیقی کی روایت اور جدید طرز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا منفرد موقع ہے۔
یہ ایونٹ ابھرتے ہوئے اور معروف موسیقاروں کی حمایت کے ذریعے سعودی عرب کی موسیقی کی صنعت میں نئی راہیں اور موسیقی کے ورثے کی ترقی کے عزم کو نمایاں کرتا ہے۔

میوزک ویک میں ساؤنڈ سٹروم اور ایم ڈی ایل بیسٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی میوزک کمیشن فروری 2020 میں قائم  کیا گیا جس کا مقصد مملکت میں موسیقی کی تعلیم ، اس شعبے میں نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بااختیار بنانا اور مقامی معیشت کو فروغ دینا شامل ہیں۔
ریاض میوزک ویک نہ صرف سعودی موسیقی کی شناخت عالمی سطح پر نمایاں کرے گا بلکہ موسیقی کی صنعت میں نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
 

شیئر: