Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے کم عمر 13 سالہ کھلاڑی فروخت

سوریا ونشی نے 12 سال کی عمر میں ڈومیسٹک کرکٹ کرئیر کا آغاز کیا (فوٹو: ای ایس پی این)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں 13 سالہ وباؤ سوریا ونشی آئی پی ایل کی تاریخ کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سوریا ونشی مشرقی انڈیا کی ریاست بہار سے تعلق رکھتے ہیں اور بائیں بازو کے بیٹر اور سپنر ہیں۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب کے دوسرے روز راجستھان رائلز نے سوریا ونشی کو ایک لاکھ 30 ہزار پانچ سو ڈالرز کے عوض خرید لیا۔
آئی پی ایل کے 18 ویں سیزن کے کھلاڑیوں کی نیلامی میں سوریا ونشی کی بولی بنیادی طور پر 35 ہزار پانچ سو 91 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو نیلامی میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے نہیں خریدا گیا۔
اسی طرح سے انگلینڈ کے جونی بیرسٹو بھی آئی پی ایل کی کسی ٹیم  میں جگہ نہ بنا سکے۔ جبکہ 42 سالہ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی بولی کا آغاز ایک لاکھ 48 ہزار115  ڈالرز سے شروع ہوا تاہم انہیں بھی کسی ٹیم کی جانب سے  نہیں خریدا گیا۔
سوریا ونشی نے جنوری میں 12 سال کی عمر میں اپنے ڈومیسٹک کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں انڈیا کی انڈر 19 ٹیم میں پرفارمنس دکھائی تھی۔
سوریا ونشی نے بہار میں انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ میں 300 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اتوار کو پہلے پنجاب کنگز نے انڈین کرکٹر شریاس ائیر کو 26 کروڑ 75 لاکھ انڈین روپے میں خریدا جس کے بعد شریاس  آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔
لیکن یہ ریکارڈ کچھ لمحوں بعد ہی ٹوٹ گیا جب لکھنؤ سپر جائنٹس نے انڈین کرکٹر رشبھ پنت کے لیے آئی پی آیل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔
لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کو 27 کروڑ انڈین روپے میں خریدا، جس کے بعد پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک کے پاس تھا، جنہیں گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے  24 کروڑ 75 لاکھ انڈین روپے میں خریدا تھا۔

شیئر: