Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پٹرول ذخیرہ کرنے والے 23 سٹیشنوں کے خلاف کارروائی

’ نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پٹرول ذخیرہ کرنے والے سٹیشنوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
پرانی قیمت پر خریدا ہوا پٹرول نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کرنے والے 23 سٹیشنوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’پٹرول کے نئے نرخنامے کے اعلان کے باعث ضابطوں کی پابندی کرنے کا جائزہ لینے کے لیے ملک بھر میں سٹیشنوں کا تفتیشی دورہ کیا گیا ہے‘۔
’تفتیشی ٹیم کے اہلکاروں نے ملک بھر میں متعدد خلاف ورزیاں پکڑی ہیں جن میں بعض پٹرول پمپس کی طرف سے نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پٹرول ذخیرہ کرنے کی خلاف ورزی شامل ہے‘۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پٹرول کی نئی قیمت کے متوقع اعلان کے باعث بعض سٹیشنوں نے فروخت بند کردی تھی تاکہ اعلان کے بعد نئی قیمت پر فروخت کیا جائے‘۔
’ناجائز منافع حاصل کرنے اور تجارتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر مذکورہ سٹیشنوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گیے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’پرانی قیمت پر خریدا ہوا پٹرول ذخیرہ کر کے نئی قیمت پر فروخت کرنے پر تین سال قید اور دس لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے‘۔
’علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپ کی مقامی اخبارات میں تشہیر ہوگی، خلاف ورزی دہرائی گئی تو لائسنس منسوخ ہوگا‘۔

’پٹرول کی قیمت میں ہیر پھیر کرنے پر تین سال قید اور دس لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے‘ ( فوٹو: المواطن)

انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’پٹرول کی طے شدہ قیمت ہر سٹیشن کے باہر بورڈ پر آویزاں ہے، جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری طور پر وزارت کو مطلع کیا جائے‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں پٹرول کے نرخ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

شیئر: