ملزمان نے سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ کے لیے وڈیو اپ لوڈ کی تھی۔ (فوٹو عاجل)
سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل اینٹی نارکوٹکس کے ترجمان کیپٹن محمد النجیدی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر منشیات کے استعمال کی ترغیب دینے پر حائل شہر میں چار سعودیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی جانے والی وڈیو موصول ہوئی جس میں نامعلوم افراد منشیات استعمال کر کے دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیتے ہوئے دکھائے گئے تھے۔
محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وڈیو موصول ہونے کے بعد سائبرکنٹرول ادارے کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی گئی، اور جب ان کے بارے میں ٹھوس معلومات فراہم ہوئی تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان حائل شہرمیں رہائش پذیر تھے۔ وہ خود بھی نشے کے عادی تھے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کی مارکیٹنگ کرنے کے لیے وڈیو اپ لوڈ کی تھی۔
چاروں ملزمان کے خلاف ایف آئی ار درج کر کے انہیں محکمہ تحقیقات کے سپرد کردیا گیا جہاں قانون کے مطابق ان پر مقدمہ درج کر کے عدالت میں بھیجا جائے گا۔