بحرین: کورونا ٹیسٹ کے 30 دینار
’کورونا ٹیسٹ فیس سے ٹرانزٹ مسافروں کو استثنی ہوگا‘ ( فوٹو: العربیہ)
بحرین آنے والے تمام مسافروں کو آئندہ سے کورونا ٹیسٹ کی مد میں 30 دینار دینا ہوں گے۔
بحرینی نیوز ایجنسی (بنا) کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ منامہ ایئرپورٹ کے ذریعے بحرین آنے والے تمام مسافروں سے 30 دینار کورونا ٹیسٹ وصول کیے جائیں گے جس کا نفاذ منگل 21 جولائی سے ہوگا‘۔
’مسافر اس مقصد کے لیے تیار کی جانے والی ایپلی کیشن کے ذریعے آنے سے پہلے بھی فیس ادا کر کے اپنا وقت بچا سکتے ہیں‘۔
’علاوہ ازیں ایئرپورٹ پر خود کار مشینیں نصب کی گئی ہیں جن کے ذریعے کیش یا بینک کارڈ کے ذریعے بھی ٹیسٹ فیس ادا کی جا سکتی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا ٹیسٹ کی فیس سے جہازوں کے عملے کے علاوہ سفارتی اہلکار، سرکاری وفود اور علاج معالجے سے واپس آنے والوں کو استثنیٰ ہے‘۔
’اس حوالے سے محکمہ شہری ہوا بازی اور ٹیسٹ کرانے والے اہلکار فضائی کمپنیوں کے نمائندوں سے گفت وشنید کریں گے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’آنے والے تمام مسافروں کو 10 دن تک احتیاطی طور پر خود کو محدود رکھنا ہوگا‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’ٹرانزٹ مسافر وں کو بھی کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ حاصل ہے‘۔