Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ اجلاس میں حج کی تیاریوں کا جائزہ

’عازمین کے لیے صحت مند اور پر تحفظ ماحول میں مناسک کی ادائیگی یقینی بنائی جائے‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں حج کی تیاریوں اور حکومتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے حج 1441 کے لیے کی جانے والی تیاریوں اور مختلف حکومتی اداروں کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر تمام حج میں کام کرنے والے تمام اداروں کو تاکید کی گئی کہ عازمین کے لیے صحت مند اور پر تحفظ ماحول میں مناسک کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
کابینہ نے کورونا وائرس کی مقامی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عالمی وبا کی زد میں آنے والے افراد کی تعداد اور حفاظتی تدابیر کے علاوہ انسداد کے لیے جاری کوششوں کی تفصیلات سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔
کابینہ کو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو پیش کی جانے والی طبی سہولتوں کے علاوہ سعودی عرب کے ہسپتالوں میں آئی سی یو کے شعبے میں 30 فیصد توسیع سے بھی مطلع کیا کیا گیا ہے۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے واس کو بتایا ہے کہ ’سعودی عرب جی 20 کے سربراہ کے طور پر عالمی تجارت تنظیم کی مدد میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔'
کابینہ نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کی کوششیں اپنی جاری رکھے گا۔
’سعودی عرب چاہتا ہے کہ عالمی تجارت تنظیم بین الاقوامی تجارت کو منظم کرنے میں بھر پور کردار ادا کرے۔'

وبا کی زد میں آنے والے افراد کی تعداد اور حفاظتی تدابیر کے علاوہ انسداد کے لیے جاری کوششوں کی تفصیلات سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا ( فوٹو: واس)

’کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو جن بحرانوں کا سامنا ہے ان سے نکلنے اور معیشت کو سہارا دینے کے لیے جی 20 ممالک سمیت عالمی تجارت تنظیم سے امیدیں وابستہ ہیں۔'
انہوں نے کہا ہے کہ ’کابینہ نے ایران کی مدد سے کام کرنے والی حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی مذمت کا اعادہ کیا ہے۔'
’کابینہ نے اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گردی کے انسداد کے لیے منعقد ہونے والے ہفتہ کے علاوہ آن لائن نمائش پر ایک مرتبہ پھر تاکید کی ہے کہ سعودی عرب دہشت گردی کے انسداد کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ ہے۔'

شیئر: