کورونا بحران کے باوجود گاڑیوں کی درآمدات بڑھ گئیں
کورونا بحران کے باوجود گاڑیوں کی درآمدات بڑھ گئیں
منگل 14 جولائی 2020 18:57
اشیائے خوراک کی درآمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران گاڑیوں کی درآمدات میں 27 فیصد جبکہ خوراک میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی سی پورٹس پبلک اتھارٹی ’موانی‘ نے بتایا کہ ’سال 2020 کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران جنوری سے مئی کے آخر تک تین لاکھ 60 ہزار گاڑیاں درآمد کی گئیں جو 2019 کے ابتدائی پانچ ماہ کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہیں۔‘
موانی نے بتایا کہ ’کورونا کی وبا کے دوران گاڑیوں کی درآمدات میں 27 فیصد اضافہ حیران کن ہے۔ گذشتہ سال ابتدائی پانچ ماہ کے دوران دو لاکھ 82 ہزار گاڑیاں درآمد کی گئی تھیں‘۔
رواں برس ابتدائی پانچ ماہ کے دوران 122 ملین ٹن کے لگ بھگ کھانے پینے کی اشیا درآمد کی گئیں جن میں 40 لاکھ کنٹینر بھی شامل ہیں-
سال رواں کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران کنٹینرز کی تعداد میں 2.35 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 937.4 ہزار کنٹینٹرز درآمد کیے گئے۔
سعودی سی پورٹس پبلک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ’2019 کے ابتدائی پانچ ماہ کے مقابلے میں کھانے پینے کی اشیا کی درآمدات و برآمدات میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘