شیخ محمد بن زاید النہیان نے فرنٹ لائن کارکنوں کی کاوشوں کوسراہا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کوورنا وائرس سے کسی مریض کی ہلاکت ریکارڈ پرنہیں آئی ہے ۔
ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امارات کے فرنٹ لائن کارکنوں کی کاوشوں کوسراہا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ( وام ) کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے بدھ کو ٹوئٹ کی کہ ’متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے متعلق کوئی ہلاکت نہیں ہوئی‘۔
انہو ں نے مزید کہا ’احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہونے کےعزم کے لیے ہمارے فرنٹ لائن ہیروز اور معاشرے کا بہت شکریہ‘۔
’ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی اجتماعی کوششوں کو جاری رکھنا چاہئے‘۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے یومیہ مصدقہ کیسز میں کمی اورمریضوں کی صحت یابی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عرب امارات میں تیرہ جولائی تک کورونا وائرس کے چار ملین ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ امارات کووڈ 19 کی فی فرد سکریننگ کے حوالے سے عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے۔