Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالز کے ہال نمازیوں کے لیے کھولنے کا اعلان

نماز کے وقت عبادت گزاروں کو دو میٹر کا جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا (فوٹو: سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں  شاپنگ مالز اور دفتری ٹاورز میں نماز کے لیے مخصوص ہال دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق امارات  کی ریاستوں میں پیر 20 جولائی سے نمازیوں کے لیے شاپنگ مالز اور دیگر دفتری ٹاورز کے ہال اور مخصوص کمرے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ صفوں میں مناسب فاصلے کے بعد یہ گنجائش 30 فیصد نمازیوں کے لیے ہو گی۔

نماز کے لیے مخصوص جگہوں پر داخل ہونے سے قبل ماسک لگانا اور ہاتھوں کو صاف رکھنا ضروری ہے (فوٹو:عرب نیوز)

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کے بعد یہ نرمی کی جا رہی ہے۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے بتایا ہے کہ عبادت گزاروں کو دو میٹر کا جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے، انہیں نماز سے پہلے اور اس کے بعد جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وضو خانے مکمل سینیٹائز کر کے ہر نماز کے بعد بند کر دیے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

آپس میں  مصافحہ کرنے سے بھی ہر صورت میں پرہیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ نماز کے لیے مخصوص جگہوں پر داخل ہونے سے قبل ماسک لگانا اور ہاتھوں کو صاف رکھنا ضروری ہے۔
وام کے مطابق اسلامی اتھارٹی برائے اسلامی امور اور نیشنل ایمرجنسی  کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے کہا گیا  ہے کہ مسجد کے اندر موجود افراد  اگر قرآن کی تلاوت کرنا چاہیں تو مکمل ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے سمارٹ فونز سمیت دیگر ذاتی الیکٹرانک آلات استعمال کریں۔

نماز کے دوران ماسک لگانا اور ہاتھوں کو صاف رکھنا ضروری ہے (فوٹو:عرب نیوز)

وضو خانوں کو خصوصی حفاظتی انتظامات کے تحت ہر نمازی کے استعمال کے بعد سینیٹائز کیا جائے گا۔ وضو خانے مکمل سینیٹائز کر کے ہر نماز کے بعد بند کر دیے جائیں گے۔

شیئر: