Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسک استعمال نہ کرنے پر 200 افراد کا چالان

ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزارریال جرمانہ ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض ریجن کی پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ضوابط کی پابندی  نہ کرنے پر 200 افراد کا چالان کیا گیا ہے۔
ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے سعودی اخبار ’الوطن‘ نے رپورٹ میں بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے وزارت صحت کی جانب سے گھروں سے باہر ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزارریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
وزارت کی جانب سے مقرر  ضوابط کی خلاف ورزیوں کو نوٹ کرنے کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں پولیس اہلکاروں کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے جا رہے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)

مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں  میں پولیس ٹیمیں مارکیٹوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ شاہراہوں پر بھی عارضی چیک پوسٹ قائم کرکے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کررہے ہیں۔
وزرات صحت نے ماسک کا استعمال نہ کرنے یا منہ اور ناک کو کسی کپڑے یا رومال سے بند نہ کرنے والے کے خلاف ایک ہزارریال جرمانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
 ویب نیوز عاجل کے مطابق بلدیہ کی جانب سے سپر مارکیٹس اور مالز کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کے مالز کے مرکزی دروازے پر سینیٹائزر اورڈسپوزایبل دستانوں کا بندوبست کریں۔ ہر آنے والے شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام کیا جائے۔
وزارت صحت نے بلدیہ کو خصوصی طور پر ہدایات کی ہیں کہ مارکیٹوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کا فوری چالان کیاجائے تاکہ وبائی مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

شیئر: