عید کا چاند: ’غیر ضروری محکموں کی بھرمار‘
منگل 21 جولائی 2020 11:01
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ’رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور چاند بالکل صحیح مقام دیکھیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر فواد چوہدری)
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آج 21 جولائی کو پاکستان میں کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آ جائے گا۔
منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ ذُوالحجہ1441 ہجری کے چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 10:33 پر ہو چکی ہے. ہاں اگر بادل ہیں تو رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں بالکل صحیح مقام دیکھیں۔
واضح رہے کہ جب سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنس کی مدد سے پانچ سال کا قمری کیلینڈر جاری کرنے کا اعلان کیا اور چاند کی تاریخوں کے لیے ویب سائٹ متعارف کرائی ہے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن اور ان کی آپس میں بیان بازی ہوتی رہتی ہے۔
عید الفطر کے موقع پر بھی چاند دیکھنے کے معاملے پر مفتی منیب اور فواد چوہدری کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی تھی اور سوشل میڈیا صارفین اس بحث میں اپنا حصہ ڈالتے نظر آئے۔
گذشتہ ماہ فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ ان کی وزارت کے کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ 31 جولائی 2020 بروز جمعہ کو ہوگی اور اب ایک بار پھر ان کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین دو گروپوں میں تقسیم دکھائی دے رہے ہیں۔
کچھ صارفین سائنس کی مدد سے عید کے اعلان کو ہر سال ہونے والے چاند دیکھنے کے تنازعے کا حل قرار دے رہے ہیں تو کچھ ایسے بھی ہیں جو اسے 'شرعی معاملہ' سمجھتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کو فیصلہ کرنے کا مجاز قرار دے رہے ہیں۔
افضل جاوید نامی صآرف نے لکھا کہ 'فواد چوہدری صاحب آپ ایک بار پھر بازی لے گئے بس رویت ہلال کمیٹی کا تیا پانچا کروا دیں تاکہ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔'
انجینیئر شفیق نامی ٹوئٹڑ صارف نے لکھا کہ 'فواد چوہدری اور عمران خان نے قوم کو صحیح دن پر عیدالفطر/عید الاضحی کے اہم تہوار منانے کا موقع دیا۔ چاند دیکھنے والے نابیناؤں سے قوم کی جان چھڑائی۔ چاند کی تاریخ کے تعین میں سائنس اور فلکیات کے علوم سے فائدہ اٹھائیں- اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو اجر دے گا۔'
ایک اور صارف حسنین نے لکھا کہ 'پاکستان میں غیر ضروری محکمہ جات کی بھرمار ہے، ان تمام محکموں کو مکمل بند کر دینا بہتر ہے۔ رویت ہلال بھی انہی میں سے ایک ہے۔'
بھائی عبدالقدیر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'چوہدری صآحب آپ جتنی بھی اچھل کود کر لیں معلوم آپ کو بھی ہے کہ جب تک رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ نہیں آ جاتا تب تک آپ کی باتیں صرف ایک دیوانے کا خواب ہے۔'
ایک اور صارف ذوہیب نے لکھا کہ فواد چوہدری صاحب آپ کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ آپ کو رویت ہلال کمیٹی کا کام بھی کرنا چاہیے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ آپ سستی شہرت کے چکر میں کچھ بھی کر سکتے ہیں۔'