Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمرات کے پل کی صفائی اور سینیٹائزنگ

چوبیس گھنٹے جمرات کے پل کی صفائی کی جا رہی ہے (فوٹو سبق)
 سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے جمرات کے پل کی صفائی اور اسے سینیٹائز کرنے کے لیے سینکڑوں کارکن تعینات کردیے۔
چوبیس گھنٹے جمرات کے پل کی صفائی اور دھلائی کی جارہی ہے اور اسے انتہائی معیاری طریقے سے سینیٹائز کیا جارہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حجاج 10 ذی الحجہ کو جمرات کے  پل پر بڑے شیطان کو کنکریاں مارتے ہیں جبکہ  11، 12 اور 13 ذی الحجہ کو چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں۔ شیطانوں کو کنکریاں مارنے کی اصطلاح عوامی ہے۔ شرعی اصطلاح میں اسے جمرات کی رمی کہا جاتا ہے۔ 
 مکہ میونسپلٹی کے صفائی کارکن مشینوں کی مدد سے جمرات کے پل سمیت منی کے تمام علاقوں کی صفائی کر رہے ہیں۔
وزارت حج نے اس سال حج کرنے والوں کو رمی کے لیے سینیٹائز کنکریوں کی تھیلیاں فراہم کی ہیں۔ حجاج گروپوں کی شکل میں جمرات کی رمی کریں گے۔ 
مکہ مکرمہ میونسپلٹی منی کے علاوہ مزدلفہ اور عرفات میں بھی صفائی مہم چلائے ہوئے ہے۔

منی، مزدلفہ اورعرفات میں صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام مکمل کر لیا گیا (فوٹو العربیہ)

 قبل ازیں سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا تھا کہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں تمام مساجد کی اصلاح و مرمت، صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ 

شیئر: