Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوران حج سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نشانات

حرمین شریفین جنرل پریزیڈنسی نے ایس او پیز وضع کیے ہیں (فوٹو: مکہ لائیو)
حج 2020 کی ادائیگی کے موقع پر الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر بہت سے حفاظی اقدامات اور ایس اوپیز وضع کیے ہیں۔

العربیہ نیٹ کے مطابق ایسے کئی اقدامات میں سے مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبوی آنے والے عازمین کرام اور نمازیوں کو ایس او پیز کی ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی طور پر نشانات لگائے گئے ہیں تا کہ  زیادہ عازمین کے جمع ہونے کے دوران بھی سماجی فاصلہ برقرار رہے۔

الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی نے ضیوف الرحمان کی حفاظت اوران کی صحت وسلامتی کے لیے دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
دونوں مقدس مساجد میں حجاج کرام کے لیے پیدل چلنے کے لیے ہر جگہ  نشان چسپاں کرنے میں وزارت حج وعمرہ، سکیورٹی اداروں اور دیگر کارکنوں‌ کی جانب سے تعاون کیا گیا ہے۔

حجاج کرام کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے دونوں مساجد میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے الگ الگ دروازے اور  راستے متعین کیے گئے ہیں۔

حج کے اس مقدس موقع  پر عازمین سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی مقام پر اکٹھے ہونے کی کم سے کم کوشش کی جائے۔

انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں سے بھی اس کوشش کو برقرار رکھنے کے لیے ہرممکن مدد حاصل کی جائے گی تا کہ سماجی دوری کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔
حجاج کرام کو مناسک حج کی ادائیگی کے دوران زمزم بھی سیل بند بوتلوں میں دیا جا رہا ہے۔

 

 

شیئر: