تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر وزارت حج وعمرہ)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کوئی بھی عازم حج کورونا وائرس کا مریض نہیں ہے۔ اس سال غیر معمولی حج موسم کے دوران حج مقامات پر کوئی بھی حاجی کورونا سے متاثر نہیں پایا گیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بدھ کو بیان میں بتایا کہ سعودی عرب میں کورونا سے متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ 72 ہزار 590 ہے، اور وبا سے صحت پانے والوں کی کل تعداد دو لاکھ 28 ہزار 569 ہوچکی ہے-
اخبار 24 کے مطابق حج میڈیا سینٹر میں حجاج کا صحت بلیٹن اور حج موسم کے لیے سیکیورٹی فورس کی تیاریوں اور حج خدمات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حج موسم کے لیے وزارت نے صحت منصوبہ بنایا ہے جس پر مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے۔ حج پر جانے سے پہلے عازمین کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا، عازمین مکہ کے ہوٹل میں قرنطینہ میں رہے۔ جبکہ حج کے بعد بھی انہیں خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔
اس سال مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) میں کام کرنے والے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے، نیز حج کے دوران بھی وہاں موجود تمام افراد کا معائنہ ہوتا رہے گا۔