انڈیا میں مبینہ طور پر سینیٹائزر پینے سے 10 افراد ہلاک
جمعہ 31 جولائی 2020 15:45
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 16 لاکھ سے زیادہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں مبینہ طور پر سینیٹائزر پینے سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق آندھر پردیش کے پرکاسم ضلعے میں مبینہ طور پر چند لوگوں کی سینیٹائزر پینے کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔
پرکاسم ضلعے کے ایس پی سدھارتھ کوشل کا کہنا ہے کہ چند دنوں سے یہ لوگ پانی اور سافٹ ڈرنکس کے ساتھ سینیٹائزر کا استعمال شراب کی جگہ کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دو افراد کی موت جمعرات کی شام ہوگئی جبکہ آٹھ افراد آج جمعے کی صبح دم توڑ گئے۔
دریں اثنا انڈیا میں کورونا کے ریکارڈ پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔
گذشتہ روز یہ کیسز اگر 52 ہزار سے زیادہ تھے تو جمعے کو یہ 55 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق صرف دو دنوں میں ایک لاکھ سے زیادہ کووڈ 19 کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں اور مجموعی تعداد 16 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 779 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اب کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 35 ہزار 779 ہو گئی ہے۔
انڈیا کوروانا سے اموات میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔