وینٹیلیٹر پر ڈالے گئے 53 فیصد کی موت واقع ہوئی (فوٹو اے ایف پی)
جرمنی کے ہسپتالوں میں داخل ہونے والے کورونا کے ہر پانچ مریضوں میں سے ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وینٹیلیٹر پر ڈالے جانے والے کورونا کے مریضوں میں اموات کی شرح 53 فیصد تک بڑھی۔
دوسری جانب امریکی یو نیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، اور اب تک چھ لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جرمن ایسوسی ایشن آف کرٹیکل کیئر اور برلن کی یونیورسٹی نے 26 فروری سے 19 اپریل کے درمیان داخل کیے گئے کورونا کے مریضوں کا مشاہدہ کیا۔
930 جرمن ہسپتالوں میں داخل کیے گئے 10 ہزار مریضوں کے ڈیٹا کا مشاہدہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مرد مریضوں میں شرح اموات 25 فیصد رہی جبکہ خواتین میں 19 فیصد تھی۔
تحقیق کے مطابق عمر رسیدہ مریضوں کی جان کو خاص طور پر زیادہ خطرہ رہا ہے، 70 سال سے زیادہ کی عمر کے 27 فیصد مریض ہلاک ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں سے 38 فیصد کی عمر 80 سال تھی۔
تحقیق سے منسلک ڈائریکٹر یورگن کلوبر کا کہنا تھا کہ شرح اموات زیادہ ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر مریض جو پہلے سے شدید بیماریوں میں مبتلا تھے، انہیں کورونا کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
تحقیق کے مطابق 10 ہزار 20 مریضوں میں سے ایک ہزار 727 کو وینٹیلیٹر پر ڈالنا پڑا تھا جن میں سے دو گنا مریض مرد تھے۔
کورونا کے مریض اوسطاً چودہ دنوں کے لیے ہسپتال میں داخل رہے، جبکہ وینٹیلیٹر کی ضرورت نہ پڑنے والے مریضوں کا ہسپتال میں دورانیہ 12 دن تھا۔ جن مریضوں کو سانس لینے میں دقت محسوس ہو رہی تھی انہیں 25 دن ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا تھا۔
برلن یونیورسٹی کے پروفیسر رائن ہرڈ بوسے کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں داخل ہر ایک سو مریضوں کے لیے اوسطاً 240 دن وینٹیلیٹر پر گزارنا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا کی دوسری لہر کا بخوبی مقابلہ کرنے کے لیے یہ اعداد و شمار نہایت اہم ہوں گے۔
جرمنی میں اب تک دو لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ نو ہزار 128 ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی یو نیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، اور اب تک چھ لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا کی وبا دنیا بھر کے 210 ممالک اور خطوں میں پھیل چکی ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں ڈیڑھ لاکھ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور 43 لاکھ 75 ہزار سے زائد متاثرین ہیں۔
متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد 24 لاکھ 83 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 88 ہزار 539 ہے۔
انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 15 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، اور 34 ہزار 193 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 27 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 650 ہے۔
جنوبی افریفہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے چار لاکھ ہے، اور سات ہزار 257 افراد اس وبا سے اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔