امارات: عرب دنیا کا پہلا نیوکلیئر پلانٹ فعال
یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز نواح انرجی کمپنی نے کیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات نے براکہ میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے کیا ہے۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ 'ٹیم نے ایندھن بھرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا اور جامع ٹیسٹ کیے۔ میں اپنے بھائی محمد بن زاید کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔'
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق 'براکہ کے یونٹس میں سے ایک کا فعال ہوجانا متحدہ عرب امارات کے پُرامن جوہری توانائی پروگرام کے لیے تاریخی سنگ میل ہے کیونکہ یہ اس عمل کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے لیے آئندہ 60 سال تک بجلی پیدا ہوسکے گی۔
یونٹ ون متحدہ عرب امارات کے گرڈ سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا جو متعدد ٹیسٹوں کے بعد بجلی رہائشی علاقوں اور دفاتر کو مہیا کرے گا۔
امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ابراہیم الحمدی کا کہنا ہے کہ 'آج حقیقی معنوں میں متحدہ عرب امارات کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ایک دہائی سے زیادہ کے وژن، سٹریٹیجک منصوبہ بندی اور اس پروگرام کے مضبوط انتظام کا نتیجہ ہے۔
'اب ہم ملک کو بجلی کی ضروریات کا ایک چوتھائی تک فراہم کرنے کے ہدف کے ایک اور قدم قریب پہنچ گئے ہیں۔'
متحدہ عرب امارات صاف اور محفوظ بجلی پیدا کرنے کے لیے جوہری توانائی پلانٹ چلانے والا عرب دنیا کا پہلا اور دنیا کا 33 واں ملک ہے۔