سعودی عرب کے رماح کمشنری میں چارے سے لدے ٹرکوں میں لگنے والی ہولناک آگ پر شہری دفاع کےاہلکاروں نے کئی گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد قابو پالیا۔
شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ جائے وقوعہ پرکولنگ کا عمل جاری ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق رماح کمشنری کی منڈی میں چارے سے لدے ٹرکوں میں رات گئے آگ لگ گئی، تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی جس نے متعدد ٹرکوں کو جن پرسوکھا چارہ لدا ہوا تھا اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شہری دفاع کا مزید کہنا تھا کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں کافی دشواری کا سامنا رہا۔ تاہم شہری دفاع کے اہلکاروں نے مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے بالاخر ہولناک آتشزدگی پر قابو پالیا۔
واضح رہے ریاض ریجن میں یہ اپنی نوعیت کی دوسری بڑی آتشزدگی تھی جو بڑی مارکیٹ میں لگی تھی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس سے اٹھنے والے شعلے میلوں دور تک دکھائی دے رہے تھے۔