امریکہ میں صدارتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہونے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حساس ادارے کے اعلیٰ عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ چین کی امریکی صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوششوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے امریکی حساس ادارے کے اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوبارہ انتخاب نہیں چاہتا۔
امریکی نیشنل کاؤنٹر انٹیلی جنس اور سکیورٹی کے ڈائریکٹر ولیم اوانینا کے مطابق چین کے نزدیک صدر ٹرمپ متزلزل اور غیر متوقع شخصیت کے مالک ہیں۔
ڈائریکٹر ولیم اوانینا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے پہلے ہی چین نے اپنا اثرو رسوخ پھیلانا شروع کر دیا ہے تاکہ ان امریکی سیاست دانوں پر دباؤ ڈال سکے جو چین کے مفادات کے خلاف ہیں.
انہوں نے کہا کہ چین نے صدارتی انتخابات کی مہم پر اثر انداز ہونے کی غرض سے صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس سے نمٹنے کی پالیسی، امریکہ میں چینی قونصلیٹ کی بندش، اور ہانگ کانگ اور جنوبی چینی سمندر پر امریکی مؤقف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے مطابق چین سمجھتا ہے کہ وہ ان تمام تر کوششوں کے ذریعے امریکی صدارتی مہم پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے انٹیلی جنس رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ چین کی خواہش ہوگی کہ ان کی جگہ ’خواب آلودہ‘ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کی صدارتی انتخابات میں جیت ہو۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین کا امریکہ پر قبضہ کرنا ایک خواب ہے۔
انٹیلی جنس ڈائریکڑ ولیم اوانینا کے مطابق ایران بھی سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلاتے ہوئے امریکہ میں رائے عامہ کو تقسیم کر کہ صدر ٹرمپ کو زک پہنچا رہا ہے، جبکہ روس، امریکہ کی انتخابی مہم میں مداخلت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹ جماعت کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی مہم کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
ولیم اوانینا نے کہا ہے کہ روس سابق نائب صدر جو بائیڈن کو بدنام کرنے کی غرض سے مختلف اقدامات کو بروئے کار لا رہا ہے۔
اس سے پہلے بھی روس جو بائیڈن کو صدر ولادیمیر پوتن کی مخالف جماعتوں کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے روس کے حوالے سے انٹیلی جنس معلومات کو خارج کر دیا کہ روس ان کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ کسی اور امریکی رہنما نے روس کے خلاف اتنا سخت رویہ نہیں اپنایا۔