بلدیہ نے ریڑھی والوں کے خلاف چھاپہ مہم تیز کردی ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ کی بلدیہ نے ریڑھی والوں کے خلاف چھاپہ مہم تیز کردی ہے۔
- غیرمنظم طریقے سے فٹ پاتھوں پر دکانیں سجانے اور ریڑھیوں پر سامان فروخت کرنے کے رواج کو ختم کرنے کے لیے چھاپہ مہم چلائی جارہی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق العزیزیہ بلدیہ کے چیئرمین انجینیئر عمر المالکی نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 130 کلو گرام پھل ضبط کیے ہیں جو قابل استعمال تھے۔
یہ پھل فلاحی انجمن اکرام کے حوالے کردیے گئے۔ یہ انجمن قابل استعمال غذائی اشیا جمع کرکے ناداروں میں تقسیم کرتی ہے۔
ریڑھی والوں کو پکڑنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔(فوٹو عاجل)
المالکی نے بتایا کہ العزیزیہ کی بلدیہ کے انسپکٹرز وزارت بلدیات و دیہی امور کی سکیم کے مطابق کام کررہے ہیں۔ یہ کھانے پینے کی اشیا کے قابل استعمال ہونے کا پتہ لگانے کے لیے بھی چھاپے مار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور مساجد کے سامنے ریڑھی والوں کو پکڑنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کسی بھی شخص کو خلاف قانون غذائی اشیا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دریں اثنا جدہ میونسپلٹی بھی مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے چھاپہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
جدہ میونسپلٹی نے انتباہ کیا کہ کسی بھی ادارے کو نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضوابط کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا گیا ہے۔(فوٹو سبق)
جدہ کے قہوہ خانے، عقبی دروازوں سے گاہک بلا کر بلدیاتی کونسلوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اس کا نوٹس لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کےانسپکٹرز کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے چھاپہ مہم چلا رہی ہیں۔ جدہ میں خوراک اور صحت اداروں کی ہر وقت نگرانی ہورہی ہے۔
جدہ میونسپلٹی نے بتایا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کے بعد سے اب تک 85736 چھاپے مارے گئے۔ اس دوران 4746 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ ان خلاف ورزیوں کا تعلق حفاظتی تدابیر سے تھا۔ بلدیاتی کونسلوں کے ضوابط کی 4816 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں۔