Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی نجران کے سیاحتی مقام کی صفائی، بچی کی وڈیو وائرل

سیاحت کے لیے آنے والوں کو صفائی کا عملی درس دیا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
 سعودی عرب کی وادی نجران کے سیاحتی مقام  پر کمسن بچی کی صفائی کرتے ہوئے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وادی نجران کے کنارے صفائی کرنے والی بچی وڈیو میں سیاحتی مقام پر پھیلا ہوا کچرا ایک تھیلے میں جمع کرتی دیکھی جا سکتی ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق معصوم بچی کی وڈیو نے سیاحت کے لیے آنے والوں کو صفائی کا عملی درس دیا ہے۔ 
سوشل میڈیا صارفین نے  وائرل وڈیو پر تبصرے کیے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں بڑا غلط رواج ہے کہ بہت سارے لوگ  سمندر کے کنارے یا کسی دریا کے کنارے یا کسی پارک میں جاتے ہیں اور کچرا وہیں پھینک کر چلے جاتے ہیں۔

  سو شل میڈیا صارفین  نے بچی کے اس اقدام کو سراہا ہے (فوٹو اخبار 24)

 بعض لوگ باربی کیو بھی کرتے ہیں اور جلتے ہوئے کوئلے یونہی چھوڑ کر چلتے بنتے ہیں۔ مشروبات کی بوتلیں، ڈبے یا سینڈوچ کے ٹکڑے یونہی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ یہ ہمارے مذہب، آباؤ اجداد کی روایت اور انسانی تہذیب کےسراسر منافی ہے۔
اکثر صارفین نے بچی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ  سب لوگ ننھی بچی سے سبق لیں اور سیاحتی مقامات پر صفائی کا خیال رکھیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے حکومت صفائی کا خیال رکھنے پر زور دے رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اسی وقت موثر ہوں گی جب اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھا جائے گا۔

شیئر: