’شکتی‘ کا ری میک: امیتابھ اور دلیپ کمار کا متبادل کون؟
’شکتی‘ کا ری میک: امیتابھ اور دلیپ کمار کا متبادل کون؟
جمعرات 20 اگست 2020 12:39
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
1982 میں ریلیز ہونے والی کلٹ فلم 'شکتی' کو نئے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: یوٹیوب
بالی وڈ میں اکثر کامیاب کیمسٹری کی بات کی جاتی ہے چنانچہ اس کے نتیجے میں ہم اکثر گروپ دیکھتے ہیں۔ ایک طرح کے اداکار، اکارائيں، فلم ساز، موسیقار یہاں تک کہ گلوکار صف بند نظر آتے ہیں۔
ایک کامیاب فلم کیا آئی کہ اس کی طرز پر چل نکلتے ہیں اور یہی سبب ہے کہ کامیاب فلموں کا ری میک، فلموں کا سیکوئل اور فلموں کا اڈیپٹیشن ہونے لگتا ہے۔ یہاں تک کہ فلموں کی کامیاب جوڑیوں کو نئی فلم میں کاسٹ کیا جاتا ہے۔
یہ طرز ہالی وڈ میں بھی پایا جاتا ہے اور ری میک اور سیکوئل تو وہاں خاصے مقبول بھی ہیں۔
انڈیا میں تقریباً ہر کامیاب فلم کو نئے اوتار میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے چاہے وہ 'دیوداس' ہو 'مغل اعظم' ہو یا پھر 'شعلے' ہو کہ 'ڈان'۔
رواں سال اپریل میں اخبار ممبئی مرر کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ امیتابھ بچن کی کچھ کامیاب فلموں کو پھر سے بنایا جائے گا اور امیتابھ بچن کا کردار نئے اداکار کریں گے۔ ان کی اس کامیاب فلموں کی فہرست میں 'چپکے چپکے'، 'کالیا'، 'شہنشاہ'، 'نمک حلال' وغیرہ شامل ہیں۔
اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ 1982 میں ریلیز ہونے والی کلٹ فلم 'شکتی' کو نئے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ فلم شکتی وہ فلم ہے جس میں لوگ دو بڑے اداکار دلیپ کمار اور امیتابھ بچن کو ایک دوسرے کے مقابل دیکھتے ہیں اور دونوں کے مداح یہ کہتے سنے گئے کہ دونوں نے اپنی اداکاری کا جوہر دکھایا ہے اور ایک دوسرے کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
لیکن بذات خود امیتابھ بچن نے کئی بار اعتراف کیا ہے کہ انہیں دلیپ کمار کی موجودگی میں کئی بار اداکاری میں دشواریاں پیش آئیں۔ چنانچہ یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ اس فلم میں دونوں اداکار اپنی اپنی ساکھ کے متعلق اس قدر حساس تھے کہ انہوں نے ایک ہی سین کے کئی کئی ری ٹیک کروائے تاکہ کوئی خامی نہ رہ جائے۔ بات یہی نہیں بلکہ اس زمانے کی گوسپ میگزینز میں تو یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایک دوسرے کے سین کٹوائے۔
چار فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے والی اس فلم میں ایک باپ بیٹے کی کشمکش کو پیش کیا گیا تھا۔ باپ کا کردار دلیپ کمار نے ادا کیا ہے اور وہ قانون کے رکھوالے ڈی سی پی اشونی کمار ہوتے ہیں جبکہ ان کے بیٹے کا کردار امیتابھ بچن نے ادا کیا ہے اور بہت سی فلموں کی طرح اس میں بھی ان کا نام وجے ہے۔ ہندی میں وجے کا مطلب فاتح اور کامیاب ہوتا ہے اور انہوں نے ایک درجن سے زیادہ فلموں میں کامیابی کے ساتھ اس نام کے ساتھ انصاف کیا ہے۔
لیکن اس فلم کے لیے انڈیا کا پروقار فلم فیئر ایوارڈ دلیپ کمار کے نام گیا جس میں انہیں بہترین اداکار قرار دیا گیا۔
ممبئی مرر نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ 10 سال قبل اس کے ری میک کا خیال پیدا ہوا تھا اور اس وقت یہ کہا گیا تھا کہ فلم 'شکتی' میں دلیپ کمار والے کردار کو امیتابھ بچن ادا کریں گے جبکہ امیتابھ بچن کے وجے کے کردار کو حقیقی زندگی میں ان کے بیٹے ابھیشیک بچن ادا کریں گے۔
یہ معاملہ کسی طرح طے نہ پاسکا لیکن اب اس فلم کو دوسرے ادکاروں کے ذریعے تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کہا جا رہا کہ 'ٹوائلٹ ایک پریم کتھا' کے ہدایت کار شری ناراین سنگھ اس کی ہدایت کاری کریں گے۔ ناراین سنگھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی سکرپٹ پر وہ دو سال سے انجم رجب علی اور سومیا جوشی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا 'یہ ایک بہت ذمہ داری کا کام ہے اسی لیے سکرپٹ کو حتمی شکل دینے میں اتنا وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فلم ری میک سے زیادہ اڈیپٹیشن ہے اور امید ہے کہ آئندہ سال یہ ریلیز ہونے کے لیے تیار ہوگی۔'
لیکن امیتابھ اور دلیپ کے مداحوں کو یہ انتظار رہے گا کہ ڈی سی پی کا رول کون کرتا ہے اور وجے کے کردار کے لیے کسے منتخب کیا جاتا ہے۔ ویسے 1982 کی 'شکتی' میں اداکارہ راکھی نے امیتابھ کی والدہ اور دلیپ کمار کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ سمتا پاٹل کی جوڑی امیتابھ کے ساتھ بنائی گئی تھی۔ فلم میں امریش پوری نے ولین کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ایک چھوٹے سے رول کے لیے انیل کپور بھی تھے۔