عالمی جوہری ادارے کے سربراہ پیر کو ایران کا دورہ کریں گے
عالمی جوہری ادارے کا مطالبہ ہے کہ ایران دو مشتبہ مقامات تک رسائی دے۔ فوٹو اے ایف پی
اقوام متحدہ کے عالمی جوہری ادارے کے سربراہ رافیل گروسی جوہری مقامات تک رسائی حاصل کرنے کی غرض سے پیر کے روز ایران کا دورہ کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) کے سربراہ کے دورے کا مقصد دو مشتبہ جوہری تنصیبات تک رسائی کے لیے ایران پر دباؤ ڈالنا ہے۔
آئی اے ای اے کے 35 ممالک سے نمائندگان پر مشتمل بورڈ آف گورنرز نے جون میں قرارداد منظور کی تھی جس کے تحت ایران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ انسپکٹرز کو ان مقامات تک رسائی کی اجازت دے جن کے بارے میں شبہ کیا جا رہا ہے کہ وہاں جوہری مواد موجود ہے۔
عالمی ادارے کے سربراہ رافیل گروسی کا کہنا ہے کہ دورہ ایران کا مقصد محفوظ جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر بات چیت اور جوہری تنصیبات تک رسائی کے معاملے کو حل کرنا ہے۔
آئی اے ای اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رافیل گروسی ایران کے دورہ پر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
ویانا میں موجود سفارتکاروں نے رافیل گروسی کے دورہ ایران پر امید کا اظہار کیا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے قبل جوہری مقامات تک رسائی کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی میں ایران کے سفیر کاظم غریب آبادی نے رافیل گروسی کے دورے کے نتیجے میں باہمی تعاون بڑھنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔