Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی فٹبالر کی قیمتی اشیا چوری، کچرے میں ڈال دیں

مسروقہ اشیا کی قیمت کا تخمینہ 7 لاکھ درہم لگایا گیا-(فوٹو سوشل میڈیا)
دبئی کی فوجداری عدالت نے امارات کےمعروف فٹبالر کے گھر سے 7 لاکھ درہم کی اشیا چوری کرنے والے ایشین شیف کو چھ ماہ قید اور 6 لاکھ 50 ہزار درہم جرمانے اور ملک سے بے دخلی کی سزا سنا ئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ایشین باورچی نے امارات کے قومی کھلاڑی کے گھر سے دو گھڑیاں اور ایک کڑا چوری کیا تھا۔ مسروقہ اشیا کی قیمت کا تخمینہ 7 لاکھ درہم لگایا گیا- ملزم نے شروع میں الزام قبول کرنے سے انکار کردیا تھا پھر اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے گھر میں موجود چھوٹی سی تجوری چوری کی تھی جس میں قیمتی اشیا محفوظ تھیں۔ تجوری کو کھولنے کی کوشش کی تھی تاہم کامیابی نہ ملنے پر اسے گھر کے باہر کچرے میں ڈال دیا تھا۔

ایشین شیف کو چھ ماہ قید جرمانے اور بے دخلی کی سزا سنا ئی گئی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

متاثرہ اماراتی نے جو فٹبال کا کھلاڑی ہے دبئی پبلک پراسیکیوشن کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اچانک اس کی کئی قیمتی اشیا غائب ہوگئیں۔ دوگھڑیاں جو کافی قیمتی تھیں ان میں ایک گھڑی کی قیمت چار لاکھ بیس ہزار درہم تھی اور یہ گھڑیاں آر ایم  ساخت کی تھیں- ایک کڑا بھی غائب تھا جو کپڑوں کی الماری میں چھوٹی تجوری میں رکھا ہوا تھا-
کھلاڑی نے چوری کا شبہ شیف پر ظاہر کیاکیونکہ  اس کے بیڈروم میں  شیف کے سوا کسی کو آنے کی اجازت نہیں تھی۔
اماراتی کھلاڑی نے بتایا کہ اس نے اپنے شیف سے کہاکہ اگر وہ تجوری اور اس میں موجود سامان واپس کردے تو ایسی صورت میں تھانے میں رپورٹ درج نہیں کرائے گا۔ باورچی نے  مہلت مانگی لیکن  تجوری واپس کی اور نہ ہی سامان۔ بعد میں پتہ چلا کہ ملزم کے فنگر پرنٹ اور تجوری کی جگہ سے حاصل کیے جانے والے ریکارڈ  میں یکسانیت نظر آئی۔ اس سے بیان لینے کی کوشش کی گئی وہ انکار کرتا رہا۔ فنگر پرنٹ رپورٹ آنے پر اس نے اقبال جرم کرلیا-

شیئر: