سعودی فوٹو گرافر نے دلکش مناظر اپنے کیمرے میں قید کیے ہیں( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں املج کے ساحل اہم سیاحتی مرکز بن چکے ہیں۔ سفید ریت سے آراستہ املج کے ساحل کے دلکش مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ بحیرہ احمر میں موتیوں کی طرح 104 جزیروں میں بکھرے ہوئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق یہ علاقہ منفرد جغرافیائی محل وقوع اور شاندار سمندری قدرتی مناظر کے لیے مشہور ہے۔ شہر کے شور شرابے کو ناپسند کرنے والے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی یہاں پہنچ کر سکون کے ساتھ سمندر کے قدرتی سحر آفری مناظر سے لطف اٹھاتے ہیں۔
سعودی فوٹو گرافر محمد الشریف نے البحر الفیروزی ساحل کے دلکش مناظر اپنے کیمرے میں قید کرکے دنیا بھر کے سامنے پیش کیے ہیں۔ یہ املج کمشنری کا نمایاں ترین ساحل ہے۔ املج سعودی عرب کے شمال مغرب میں واقع ہے-
الشریف کا کہنا ہے کہ وہ فیروزی ساحل کا دلدادہ ہے۔ اسے سفید نرم ریت اور جزیرے پسند ہیں۔ املج کمشنری الوجہ اور ینبع شہر کے درمیان بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔
املج کے جزیرے اپنی نوعیت کے منفرد رنگا رنگ ماحول سے مزین ہیں۔ بعض قدرتی سمندری قومی علاقے ہیں جو سمندری مخلوقات سے مالا مال ہیں دیگر جزیرے ایسے ہیں جہاں رنگ برنگے پرندے بسیرا کیے ہوئے ہیں۔ یہاں سال کا ہر موسم سیاحوں کے لیے موزوں ہے۔