چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں قانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے بینک وین ڈکیتی میں ملوث چاررکنی گروہ کے تیسرے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ چوتھے کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بینک وین ڈکیت گروہ کے بارے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’واردات ریاض کے محلےالشفا میں تین ماہ قبل بینک وین ڈکیتی کا شکار ہوئی تھی۔چاروں ڈاکو بینک وین سے 19لاکھ 50ہزار ریال لوٹ کر فرار ہو گئے تھے‘۔
ویب نیوز سبق نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان اور وڈیو کے حوالے سےبتایا کہ ’بینک وین ڈکیتی کے ملزمان گارڈ اور وین اہلکارسے پستول کے زور پر رقم سے بھرا بیگ لے کر مسروقہ گاڑی میں فرار ہو گئے تھے‘۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتار کی لیے جامع حکمت عملی پرعمل کرتے ہوئے ان کا سراغ لگا لیا۔
پولیس کی تفتیشی ٹیمیں گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر نے میں کامیاب ہو گئی جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کردی جس پر ایک اور ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ سرغنہ سے معلوم ہوا کہ گروہ کے باقی 2 ساتھی واردات کے فوری بعد مملکت سے فرار ہوچکے ہیں۔
پولیس ٹیم نے سرغنہ کے ذریعے مفرور ملزم کو واپس آنے پر مجبور کیا جیسے ہی تیسرا ملزم مملکت پہنچا اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔