مشرق وسطٰی و افریقہ میں زوم کمپنی کے ڈائریکٹر سامر طیان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی بصری رابطہ پلیٹ فارم ’زوم‘ کا دائرہ سعودی عرب سمیت مشرق وسطٰی اور افریقہ میں بڑے پیمانے پر پھیلایا جائے گا-
الشرق الاوسط کے مطابق سامر طیان نے کہا کہ سعودی حکومت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور ڈیجیٹل اکانومی کی رفتار بڑھانے میں دلچسپی لے رہی ہے۔ جی 20 ممالک کے آن لائن اجلاس اور سعودی عرب کی قیادت میں جی 20 کی سرگرمیاں تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ اس ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب میں زوم کا دائرہ بڑے پیمانے پر پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سامر طیان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی سعودی عرب میں اپنا دفتر کھولنے کی خواہش مند ہے۔
ان کے مطابق خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب ڈیجیٹل اکانومی کے ماحول میں زوم کے لیے بہت اہم ہوگئے ہیں۔
سامر طیان نے یہ بھی کہا کہ زوم کورونا کی وبا کے ماحول میں دنیا بھر کے سرکاری اداروں کی مدد کررہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام سرکاری ادارے موثر اور محفوظ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں۔ زوم نے کمپنیوں کی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی حصہ لیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
آن لائن دعوت نامے، شادی میں’ زوم‘ کے ذریعے شرکتNode ID: 496121
طیان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس جہاں بہت ساری کمپنیوں کے لیے چیلنج کے طور پر سامنے آیا وہیں اس وبا نے دنیا بھر میں مسائل کے اچھوتے حل کے راستے بھی ہموار کیے۔ وبا کے زمانے میں پوری دنیا بند ہوکر رہ گئی تھی۔ اس دوران زوم کمپنی کا دائرہ کار بہت بڑھ گیا۔ امارات کی سطح پر ہمارے کاروبار میں 105 فیصد اضافہ ہوا- ہماری توقعات سے کہیں زیادہ زوم کی طلب میں اضافہ ہوا۔ 25 ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ سکولوں کو بچوں کی آن لائن تعلیم کے لیے زوم ناگزیر ہوگیا۔
دسمبر 2019 سے لے کر یومیہ میٹنگز کے شرکا کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی۔ مارچ سے روزانہ کی بنیاد پر 200 ملین سے زیادہ افراد مفت اور بل والے اکاؤنٹ کے ذریعے زوم استعمال کرنے لگے- اپریل میں تعداد 300 ملین یومیہ سے بڑھ گئی۔
طیان نے توقع ظاہر کی ہے کہ زوم فار ہاؤس ستمبر میں عوام کو ’پورٹل پلیٹ فارم‘ پر مہیا ہوگا جبکہ سال رواں کے آخر تک گوگل، نیسٹ، ہاب، میکس اور ایمیزون ایکوشو پلیٹ فارموں پر بھی زوم مہیا ہوجائے گا۔